مضامین

نور منور کا ظہور۔۔  تحریر : اقبال حیات اف برغذی

آج کا دن پوری انسانیت کی فلاح اور نجات کا دن ہے یہ وہ دن ہے جس  کے سورج کی کرنین پورے عالم میں جہالت گمراہی اور بے دینی کی تاریکیوں کوحق شناسی ،صداقت اور شرف انسانیت کی روشنیوں سے منور کیا۔ آج کے دن اللہ رب العزت نے دنیا میں ایک ایسی ہستی کو مبعوث فرمایا جن کا وجود مبارک پوری کائنات کا رنگ بدلنے کا باعث بنا۔ اور اللہ تبارک وتعالیٰ کی زمین پر خود ساختہ خداوں کے ایوانوں میں حقیقی معبود کے احساس کے جھٹکے محسوس ہونے لگے۔ بت پرستی اور کفروالحاد کے علمبرداروں کے محلوں میں قیامت برپا ہوئی۔ اور خالق حقیقی کی وحدانیت کے داعی کی کرنین پھوٹنے لگیں۔ بارہ ربیع الاول کا دن انسانیت کے عظیم محسن کی ولادت باسعادت  کی نسبت سے ہمیں جہاں قبل از اسلام کی تاریخ میں جھانک کر دنیا کی بگڑی ہوئی حالت کا جائزہ لینے کا موقع فراہم کرتاہے۔ وہاں اس عظیم رہبر انسانیت کے بتائے ہوئے اعلیٰ اصولوں کی روشنی میں اپنے محاسبےکے لمحات میسر آتے ہیں۔ درحقیقت بارہ ربیع الاول کے مبارک دن کی یاد منانے کا حقیقی حق صرف اور صرف اسی صورت میں ادا ہوسکتا ہے جب ہم اپنی تمام زندگی کو اس دین اور نظام کے تابع بنائیں۔ جس دین اور نظام نے عرب کی وحشی قوم کی کایا پلٹ کر انہیں شرف انسانیت کے اعلی منصب پر فائز کردی۔ اور اس حقیقت کا ادراک کریں کہ  دونوں جہانوں میں کامیابی وکامرانی او راللہ رب العزت کی خوشنودی کا راز محسن انسانیت کی اطاعت میں مضمر ہے ۔ بصورت دیگر صرف زبانی نسبت کے دعووں اور یوم ولادت مناتے سے کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوسکتا ۔

پوری اسلامی تاریخ اس حقیقت کو اجاگر کرنے پر گواہی دیتی ہے کہ جب تک دین  مبین کی پیروی کی گئی ہے امت کا وقار بلند سے بلند تر ہوتا رہا ہے  اور مسلمان قوم اپنی عظمت کا لوہا منواچکی ہے۔ جونہی دین پر سرسری عمل کو اپنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ اور زبانی دعووں پر ہی اکتفا کیا گیا۔ تو اس عظیم مذہب کے پیروکاروں کی حالت عظمت رفتہ کی صورت اختیار کرگئی۔

فی الوقت پوری دنیا میں مسلمان جس کرب ،پریشانی اور زوال کی حالت سے دو چار ہے یہ صرف اور صرف مذہب سے بیگانگی او ر داعی اسلام کے بتائے ہوئے اصولوں سے انحراف کا خمیازہ ہے اور جب تک ہم اصلاح احوال کی کوشش نہیں کرینگے ۔ تو عظمت رفتہ کے حصول کا تصور بھی نہیں کرسکتے۔

آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنے کا موقعہ فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنے عظیم محسن کے بتائے ہوئے اصولوں کو مشغل راہ بناکر دنیا پر اس دین کی حقانیت کو اجاگر کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑینگے۔میری دعا ہے کہ اللہ پاک ہم سب کو صراط مستقیم سے نوازے  جو آج کے مبارک دن کا تقاضا ہے۔

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
100% Free SEO Tools - Tool Kits PRO