تازہ ترین

چترال کے عوام کا افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی, دروش بازار میں ریلی، افغان جارحیت کی شدید مذمت

چترال (چترال ایکسپریس) چترال کے سرحدی علاقے ارندو اور دروش کے عوام نے اتوار کے روز افواجِ پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے دروش بازار میں ایک شاندار ریلی نکالی اور افغان فورسز کی جانب سے کی جانے والی اشتعال انگیز کارروائیوں کی شدید مذمت کی۔
تفصیلات کے مطابق سرحدی قصبے ارندو سے تعلق رکھنے والے سیاسی و سماجی رہنماؤں نے دروش بازار میں ریلی کے بعد ایک مختصر جلسے کا انعقاد کیا، جس سے جمعیت علماء اسلام ارندو کے امیر مولانا علی اکبر حقانی، سابق وی سی ناظم قاری امین احمد، اور یوتھ کونسلر رحمت اللہ کوہستانی نے خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ ہمسایہ ملک افغانستان کی موجودہ حکومت نے گزشتہ روز ارندو بارڈر پر اشتعال انگیز حملہ کر کے پاکستان کے صبر کا امتحان لیا، تاہم پاک فوج نے بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے عزائم ناکام بنا دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کو پاکستان کے احسانات یاد رکھنے چاہییں، مگر افسوس ہے کہ وہ دشمنی کے راستے پر گامزن ہے۔

رہنماؤں نے واضح کیا کہ ارندو اور چترال کے عوام اپنی بہادر افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور کسی بھی قوت کو ملکی سالمیت کے خلاف سازش کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا علی اکبر حقانی، قاری محمد امین، امیر شریف خان اور رحمت اللہ کوہستانی نے کہا کہ چترال کے عوام اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ملک دشمن قوتوں کا ہر محاذ پر مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چترال سکاؤٹس نے جس دلیری سے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، اس پر پورا چترال فخر کرتا ہے۔

ریلی کے شرکاء نے “پاکستان زندہ باد”، “پاک فوج زندہ باد”، اور “چترال سکاؤٹس زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگا کر اپنے عزم اور ولولے کا اظہار کیا۔

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
Best Wordpress Adblock Detecting Plugin | CHP Adblock