تازہ ترین

وزیر اعظم پاکستان کا دورہ چترال، متعدد اہم منصوبوں کا اعلان

چترال (چترال ایکسپریس )وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک نے اب ترقی کی راہ پر گامزن ہوکر اقوام عالم میں نمایان مقام بنالیا ہے اورا س سال مئی کے مہینے میں بھارت کو شکست فاش سے دوچارکرنے کے بعد امریکی صدر ٹرمپ بھی دن رات اس کے تعریف کے گن گارہے ہیں اور اب تک کم وبیش 60 مرتبہ اس کا ذکر کیا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے سات طیارے مار گرادیا اور ان ملکوں کے درمیان جنگ بندی انہوں نے کرکے بھارت کو مزید تباہی سے بچالیا۔ جمعہ کے روز چترال کے قریب اسپاغ لشٹ کے قریب دانش سکول کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جمہوریت اور عوام کی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل افریدی کو مبارک باد کا پیغام بھیج کر ساتھ مل کرکام کرنے کی دعوت دی جسے ٹھکرادیا گیالیکن وہ اب بھی ان کے منتظر ہیں تاکہ مل کر وطن کو عظیم سے عظیم تر بناسکیں۔ انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا کے عوام کی جذبہ حب الوطنی مثالی ہے اور چترال کے عوام خصوصی طور پر اپنی مثال آپ ہیں جوکہ تعلیمی سہولیات نہ ہونے کے باوجود تعلیم یافتہ اور مہذب لوگ ہیں اور یہی وجہ ہے کہ میاں نواز شریف نے اپنے دور اقتدار میں ہمیشہ اس علاقے کی ترقیاتی منصوبوں میں خصوصی دلچسپی لے لی۔ انہوں نے دانش سکول کو چترال کے عوام کے لئے وفاقی حکومت کا ایک خصوصی تخفہ قراردیتے ہوئے کہاکہ چترال کے عوام اس درجے کی معیاری تعلیمی ادار ے کا صرف خواب ہی دیکھ سکتے تھے مگر اب یہ حقیقت کا روپ دھارلیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنھبالنے کے بعد انہوں نے وفاقی وسائل سے دوردراز کے علاقوں کو فوکس کرکے یہاں ایسی سہولیات کے ذریعے خوشحالی لانے کا منصوبہ بنالیا تھا خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر بھی پنجاب اور سندھ کے برابر ترقی کرسکیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ دانش سکولوں کا معیار ایچی سن کالج سے کسی طور پر کم نہ ہوگا جہاں مکمل طور پر فری تعلیم کے ساتھ ساتھ بورڈ اور لاجنگ کی سہولیات بھی فراہم کئے جائیں گے اور جہاں غریب اور یتیم بچے بھی معیاری تعلیم حاصل کرکے ایچی سن کالج کے فارغ شرفاء کے بچوں کے ساتھ مسابقت میں آسکیں گے۔شہباز شریف نے اعلان کیا کہ اس سال دسمبر میں دانش سکول کے بلڈنگ پر کام شروع ہوگا اور ایک سال کے اندر اندر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہاوفاقی حکومت کا لیپ ٹاپ کی تقسیم کا منصوبہ بھی کامیابی سے جاری ہے جس سے لاکھوں طلباء وطالبات مستفید ہوچکے ہیں۔وزیر اعظم نے چترال کی ترقی کے حوالے سے متعدد منصوبوں کا بھی اعلان کیا جن میں اپر چترال میں یونیورسٹی اور جدید ترین ہسپتال کا قیام، 153کلومیٹر طویل چترال شندور روڈ کی دسمبر 2026ء تک تکمیل بھی شامل ہیں۔ انہوں نے چترال میں نواز شریف حکومت میں شروع کردہ گیس پلانٹ منصوبے کوبھی پایہ تکمیل تک پہنچانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اپر چترال کے لئے بجلی کی یکسان ٹیرف مقرر کرنے کے حوالے سے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کو اگلے ہفتے چترال بھیجنے کا اعلان کیا۔
وزیر اعظم نے موقع پرموجود چیف سیکرٹری اور آئی جی پی خیبر پختونخوا کے ذریعے وزیر اعلیٰ سہیل افریدی کو سلام بھیجتے ہوئے انہیں دوبارہ دعوت دی کہ وہ ان کے ساتھ مل کرکے شاعرمشرق علامہ اقبال اور قائداعظم محمدعلی جناح کی وژن کے مطابق اس وطن کی تعمیر میں ساتھ دیں۔
اس سے قبل وفاقی وزیر امیر مقام نے اپنے خطاب میں مسلم لیگ (ن) حکومت کی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور وزیر اعظم کی انتھک محنت اور کوششوں کو مثالی قرار دے دیا۔ا نہوں نے خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ وہ تصادم کی راہ اپنانے کی بجائے کارکردگی کی بنیاد پر سیاست کرنا سیکھیں۔
سابق ایم این اے شہزادہ افتخار الدین نے اس موقع پر وزیر اعظم کی خدمت میں سپاسنامہ پیش کیا جبکہ مسلم لیگ (ن) لویر چترال کے صدر عبدالولی خان ایڈوکیٹ اور اپر چترال کے صدر سید احمد خان بھی موجود تھے۔

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
Best Wordpress Adblock Detecting Plugin | CHP Adblock