
کیسو میں زراعت کو ترقی دینے اور غربت میں کمی لانے کےلئے پروفیشنل فارمرز کو آپریٹیو آرگنائزیش کا پہلا جنرل باڈی اجلاس
چترال (چترال ایکسپریس )تحصیل دروش کے مقام کیسو میں زراعت کو ترقی دینے اور غربت میں کمی لانے کیلئےخیبر پختونخوا رورل اکنامک ڈویلپمنٹ پراجیکٹ ( KP-RETP) کے تحت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ خییبر پختونخوا کے زیر نگرانی پروفیشنل فارمرز کو آپریٹیو آرگنائزیشن( PFCOs) کا پہلا جنرل باڈی اجلاس منعقد ہوا، جس میں جملہِ ممبران نے شرکت کی ۔ اس موقع پر کوآرڈنیٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا شفیق اقبال نے صوبائی حکومت کی طرف سے ایفاد کے مالی معاونت سے زراعت کو ترقی دینے اور لوگوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے کیلئے شروع کئے جانے والے پراجیکٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا
کہ کیسو کے لوگ اس پراجیکٹ کے تحت نہ صرف اپنے بہت سے زرعی مسائل حل کر سکتے ہیں ، بلکہ بہتر آمدنی بھی حاصل کر کے زندگی میں نمایاں تبدیلی لاسکتے ہیں ۔ تاہم یہ ضروری ہے کہ پراجیکٹ سے فوائد حاصل کرنے کیلئے باہمی اتفاق و اتحاد کے ساتھ ساتھ اسے جدید تقاضوں کے مطابق اسے چلایا جائے ، کنسلٹنٹ (KP-RETP) عبد الحمید نے کہا ، کہ کیسو پانی کی کمی کے باوجود سبزیات اور پھلوں کی پیداوار کا حامل اہم علاقہ ہے اور بڑی تعداد میں لوگوں کی زندگی کا انحصار زراعت پر ہے ۔ لیکن جدید طرز زراعت سے متعلق معلومات کی کمی اور مشینریز و دیگر ضروریات کی عدم دستیابی کی وجہ سے وہ فوائد حاصل نہیں کر پا رہے ، جو ترقی یافتہ زرعی علاقے کے لوگ حاصل کر رہے ہیں ، اس کے علاؤہ پیداوار کی فروخت کے وقت مڈل مین بغیر کسی محنت وہ کچھ حاصل کر رہا ہے ۔ جو دن رات محنت کرنے والا کسان حاصل نہیں کر پاتا ۔ اس لئے اس پراجیکٹ کے ذریعے زمیندار کومارکیٹ کے ساتھ لنک کیا جائے گا ۔ جس سے زمیندار تمام پیداوار کی آمدنی مکمل طور پر براہ راست حاصل کرنے کے قابل ہو گا ۔ اور ان کی زندگی میں نمایاں تبدیلی آئے گی ۔
اجلاس میں کیسو پروفیشنل فارمرز کو آپریٹیو آرگنائزیشن کیلئے عہد داروں کا چناؤ عمل میں لایا گیا ۔ جس کے تحت سکندر حیات صدر ، ارشاد محمد نائب صدر ، عطاء الرحمن جنرل سیکرٹری ، عجب الرحمن خزانچی اور اخلاق احمد جوائنٹ سیکرٹری منتخب ہوئے ۔ اجلاس کے اختتام پر نو منتخب صدر سکندر حیات نے اپنے خطاب میں صوبائی حکومت نمایندہ پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ اور پراجیکٹ کنسلٹنٹ کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی رہنمائی میں یہ آرگنائزیشن انشاء اللہ اپنے مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب ہوگی اور علاقے میں غربت میں کمی لانے کا ہدف حاصل کرکے رہے گا۔
