
چلم جوشی تہوار سے قبل رومبور میں سیکیورٹی اجلاس، فول پروف انتظامات یقینی بنانے کا فیصلہ
چترال (فتح اللہ) وادی کالاش کے معروف مذہبی و ثقافتی تہوار چلم جوشی (Zhoshi) کی تیاریوں کے سلسلے میں وادی رومبور میں ایک اہم اجلاس مقامی تھانے میں منعقد ہوا، جس میں سیکیورٹی اور امن و امان کے معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس کی صدارت ڈی ایس پی سرکل آیون و کالاش ویلیز احسان اللہ نے کی، جبکہ اس میں علاقے کے عمائدین، کالاش مذہبی پیشوا، مسلم معتبرین اور دیگر نمائندہ شخصیات نے
شرکت کی۔
اجلاس کے دوران تہوار کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات، ٹریفک مینجمنٹ اور سیاحوں کو درپیش سہولیات کے حوالے سے جامع تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی ایس پی احسان اللہ نے کہا کہ چلم جوشی کے دوران وادی رومبور میں سیاحوں کی بڑی تعداد متوقع ہے، اس لیے تمام متعلقہ اداروں اور مقامی کمیونٹی کے درمیان مؤثر رابطہ نہایت ضروری ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امن و امان کے قیام میں پولیس کے ساتھ ساتھ مقامی افراد کا تعاون کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
اجلاس میں چیئرمین ویلج کونسل رومبور سلطان، خاتون کونسلر زرمس گل، کسان کونسلر جاوید احمد، اقلیتی کونسلر نور شالی، مولانا اسحاق، ایس ایچ او عبدالرشید، سابق چیئرمین سیف اللہ جان، سابق کونسلر عبید اللہ قریشی، عنایت اللہ شیخ قریشی، دوردن صوبیدار، گل فیروز اور برزنگی کاش سمیت دیگر عمائدین نے شرکت کی۔
شرکاء نے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے تہوار کے دوران امن، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اجلاس کے اختتام پر فیصلہ کیا گیا کہ چلم جوشی تہوار کے دوران رومبور میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے، جبکہ سیاحوں کی رہنمائی اور سہولت کے لیے خصوصی اقدامات بھی اٹھائے جائیں گے تاکہ یہ اہم تہوار پُرامن اور منظم انداز میں منعقد ہو سکے۔
