
لوئر چترال پولیس کی عوامی رابطہ مہم، پبلک لیزان کمیٹی کے ساتھ میٹنگز کا سلسلہ جاری
چترال (چترال ایکسپریس) لوئر چترال میں عوام دوست پولیسنگ کے فروغ اور عوام و پولیس کے درمیان فاصلے کم کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے مختلف علاقوں میں پبلک لیزان کمیٹی (PLC) ممبران کے ساتھ میٹنگز کا انعقاد جاری ہے۔
یہ اقدامات ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ سید فدا حسن شاہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال رفعت اللہ خان کی ہدایات پر کیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد عوام میں جرائم کے خلاف شعور اجاگر کرنا اور کمیونٹی پولیسنگ کو مضبوط بنانا ہے۔
اسی سلسلے میں
ایس ڈی پی او سرکل لٹکوہ احمد عیسی نے تھانہ شغور میں PLC ممبران کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا، جس میں ایس ایچ او تھانہ شغور ایس آئی فدا محمد، کمیٹی ممبران اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ڈی پی او احمد عیسی نے کہا کہ عوام اور پولیس کے درمیان باہمی تعاون اور روابط کے فروغ سے جرائم کی شرح میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی رابطہ مہم سے نہ صرف جرائم پیشہ عناصر کی حوصلہ شکنی ہوگی بلکہ عوام دوست پولیسنگ کو بھی تقویت ملے گی۔
انہوں نے منشیات کے خلاف جاری کارروائیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پولیس منشیات فروشوں کے خلاف سخت اقدامات کر رہی ہے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے عناصر کی نشاندہی میں پولیس کا ساتھ دیں۔
ٹریفک کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کم سن ڈرائیورز کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے نابالغ بچوں کو گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے کی اجازت نہ دیں۔
سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ مشکوک افراد کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں اور غیر مقامی افراد کی نقل و حرکت پر نظر رکھیں۔
اجلاس میں شریک ممبران نے زائد کرایہ وصول کرنے والے ڈرائیوروں اور دیگر مقامی مسائل کی نشاندہی کی، جس پر ایس ڈی پی او نے متعلقہ ایس ایچ اوز کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔
آخر میں PLC ممبران نے منشیات فروشوں کے خلاف پولیس کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
