تازہ ترین

فوٹی کا چترال میں باضابطہ آغاز، ضلعی ایسوسی ایشن تشکیل دے دی گئی

چترال (چترال ایکسپریس)عالمی سطح پر تیزی سے مقبول ہونے والے کھیل آسٹریلین فٹبال لیگ (AFL) جوکہ “فوٹی” کے نام سے مشہور ہے، کو پہلی مرتبہ چترال میں باضابطہ طور پر متعارف کرانے کے بعد اس کی ضلعی سطح کی تنظیم آسٹریلین فٹبال لیگ (فوٹی) ایسوسی ایشن لوئر چترال قائم کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چترال میں اس نئے اور منفرد کھیل کے فروغ کے لیے ابتدائی مرحلے میں پانچ فوٹی کلب تشکیل دیے جا چکے ہیں، جبکہ مزید کلبوں کی رجسٹریشن اور توسیع کا عمل بھی جلد شروع کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو اس کھیل کی جانب راغب کیا جاسکے۔

نو تشکیل شدہ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں میں فالکن فوٹی کلب چترال کے احمد نذیر کو صدر، آئیڈیل فوٹی کلب دروش کے عمران احمد کو جنرل سیکرٹری اور کاری فوٹی کلب کے فاروق احمد کو فنانس سیکرٹری منتخب کیاگیا ہے۔

آسٹریلین فٹبال،جسے عام طور پر فوٹی کہا جاتا ہے، دنیا کے کئی ممالک میں تیزی سے مقبول ہورہا ہے اور پاکستان میں بھی اس کھیل کے شائقین اور کھلاڑیوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

کھیلوں کے حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ کھیل مستقبل میں پاکستان کے نوجوانوں کے لیے بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے نئے مواقع فراہم کر سکتا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں فوٹی ایسوسی ایشن پاکستان کے جنرل سیکرٹری چوہدری ذوالفقار نے اپنی ٹیم کے ہمراہ چترال کا دورہ کیا تھا، جہاں دو روزہ تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس تربیتی پروگرام میں نوجوان کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور کھیل میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔

ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے مطابق چترال کی ایک نمائندہ فوٹی ٹیم بہت جلد قومی سطح پر منعقد ہونے والے فوٹی ایونٹ میں شرکت کرے گی، جس سے علاقے کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ملے گا۔

ساتھ ساتھ چترال میں فوٹی کے کیمپس لگائے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو اس کھیل کی تربیت دی جا سکے۔

🎁 روزانہ مفت پوائنٹس اور انعامات!

خبریں پڑھیں، کوئز کھیلیں اور انعامات جیتیں۔ اپنے پوائنٹس حاصل کرنے کے لیے ہمارے ریوارڈ پورٹل پر جائیں۔

اپنا انعام حاصل کریں ➔
زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
100% Free SEO Tools - Tool Kits PRO