
روزی من شاہ، نگہت اکبر شاہ اور افیفہ شاہ کا ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چترال کا دورہ
چترال سے تعلق رکھنے والے امریکہ میں مقیم معروف سماجی شخصیت روزی من شاہ نے اپنی اہلیہ نگہت شاہ اور صاحبزادی افیفہ شاہ کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چترال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال ڈاکٹر فیاض علی رومی کی دعوت پر کیے گئے اس دورے کے دوران روزی من شاہ اور ان کے اہل خانہ نے ڈائیلاسز یونٹ، ڈینٹل یونٹ، آپریشن تھیٹر سمیت مختلف وارڈز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر فیاض علی رومی نے انہیں ہسپتال میں جاری طبی خدمات، ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کی ضروریات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
دورے کے دوران بتایا گیا کہ روزیمن شاہ ماضی میں بھی ہسپتال کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے رہے ہیں اور انہوں نے پہلے دو ڈائیلاسز مشینیں عطیہ کی تھیں، جو اس وقت گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کے علاج میں مؤثر کردار ادا کر رہی ہیں۔
ہسپتال کی ضروریات سے آگاہی کے بعد روزیمن شاہ نے مزید تعاون کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال کے لیے پانچ جدید ڈینٹل چیئرز، دو نئی ڈائیلاسز مشینیں اور آپریشن تھیٹر کے لیے جدید طبی آلات فراہم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان سہولیات کی فراہمی سے مریضوں کو بہتر اور معیاری علاج میسر آئے گا اور ہسپتال کی خدمات میں مزید بہتری آئے گی۔
روزی من شاہ، نگہت اکبر شاہ اور افیفہ شاہ نے ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے طبی سہولیات کی بہتری اور اصلاحات کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ آئندہ بھی صحت سمیت مختلف فلاحی شعبوں میں اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فیاض علی رومی نے روزی من شاہ اور ان کے خاندان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مخیر حضرات کے تعاون سے ہسپتال میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو رہی ہے، جس سے نہ صرف مریضوں کو بہتر علاج کی سہولت ملتی ہے بلکہ صحت کے نظام کو بھی مضبوط بنانے میں مدد ملتی ہے۔
ہسپتال انتظامیہ نے روزی من شاہ کے اس اقدام کو اہلِ چترال کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دیگر صاحبِ حیثیت افراد بھی آگے بڑھ کر صحت کے شعبے کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
