تازہ ترین

گرم چشمہ سے راولپنڈی جانے والی کوسٹر سوات موٹروے پر حادثے کا شکار، تمام مسافر محفوظ

چترا(چترال ایکسپریس)گرم چشمہ سے راولپنڈی جانے والی ایک مسافر کوسٹر سوات موٹروے پر خطرناک حادثے کا شکار ہوگئی، تاہم اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے تمام مسافر محفوظ رہے اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق کوسٹر نمبر JF-2005 سوات موٹروے پر الٹ گئی۔ حادثے کے وقت گاڑی میں خواتین، بچوں، نوجوان طلبا و طالبات سمیت متعدد مسافر سوار تھے جن کی اکثریت کا تعلق گرم چشمہ سے بتایا جاتا ہے۔
عینی شاہدین اور مسافروں کے مطابق حادثے سے قبل ڈرائیور مسلسل ایک دوسری کوسٹر کو اوورٹیک کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے کئی مرتبہ ڈرائیور کو محتاط انداز میں گاڑی چلانے اور رفتار کم رکھنے کا کہا، تاہم مبینہ طور پر ان کی باتوں پر توجہ نہیں دی گئی۔
بعض مسافروں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ڈرائیور دورانِ سفر کوئی مشروب یا دوسری چیز استعمال کر رہا تھا، جس کے باعث بعض افراد کو اس کی جسمانی و ذہنی حالت پر شبہات پیدا ہوئے۔ تاہم اس حوالے سے سرکاری سطح پر کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی۔
مسافروں کے مطابق گاڑی کی فنی حالت بھی تسلی بخش نہیں تھی اور سفر کے دوران دو سے تین مرتبہ گاڑی بند ہونے کے واقعات پیش آئے، جس سے گاڑی کی فٹنس کے بارے میں خدشات پیدا ہوئے۔
ذرائع کے مطابق حادثے کے فوراً بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا اور تاحال اس کے بارے میں کوئی مصدقہ معلومات دستیاب نہیں ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ گاڑی کو سفر کے آغاز پر چترال کے علاقے کڑوپ رشت میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کنزیومر پروٹیکشن نے مبینہ طور پر اس کی خستہ حالی کے باعث روکا تھا، تاہم بعد ازاں اسے روانگی کی اجازت دی گئی۔ اس حوالے سے بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں جن کی تحقیقات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
مسافروں اور ان کے اہل خانہ نے گرم چشمہ تھانے کے ایس ایچ او، ضلعی انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور متعلقہ ٹرانسپورٹ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ حادثے کی مکمل، غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کی جائیں، گاڑی کی فٹنس، روٹ پرمٹ، انشورنس اور تکنیکی حالت کا تفصیلی جائزہ لیا جائے، جبکہ ڈرائیور کے رویے، ڈرائیونگ ریکارڈ اور حادثے کے وقت اس کی جسمانی و ذہنی حالت کی بھی تحقیقات کی جائیں۔
متاثرہ مسافروں نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر ڈرائیور یا ٹرانسپورٹ انتظامیہ کی غفلت ثابت ہو تو ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے ٹرانسپورٹ نظام کی نگرانی مزید مؤثر بنائی جائے۔
واضح رہے کہ اس واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم حادثے نے مسافروں اور ان کے اہل خانہ میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
Best Wordpress Adblock Detecting Plugin | CHP Adblock