
چترال: عالمی یومِ ماحولیات کے حوالے سے آگاہی تقریب کا انعقاد
چترال(چترال ایکسپریس)نیشنل انٹیگریٹڈ ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن (ندا پاکستان) کے زیرِ اہتمام اور پی پی ایف کی مالی معاونت سے گورنمنٹ سینٹینل ہائی سکول چترال میں عالمی یومِ ماحولیات کے سلسلے میں ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں ماحولیاتی آلودگی، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور ماحول کے تحفظ میں انسانی کردار پر روشنی ڈالی گئی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لوئر چترال شاہد حسین تھے۔
اس موقع پر پرنسپل عبدالباری، پراجیکٹ منیجر ندا پاکستان انوار بیگ، عبدالولی، اسد اللہ، مولانا محمد قاسم اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مؤثر پالیسی سازی، عوامی آگاہی اور تعلیمی
اداروں میں ماحولیاتی تعلیم کے فروغ کی ضرورت ہے۔
مقررین نے قدرتی وسائل کے بے دریغ استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانے اور طلبہ میں ذمہ داری کا احساس پیدا کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ چترال کو درپیش ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔
تقریب میں طلبہ نے اردو اور انگریزی زبانوں میں تقاریر پیش کیں جنہیں شرکاء نے سراہا۔ آخر میں ندا پاکستان کی جانب سے مہمانِ خصوصی اور صدرِ محفل کو
یادگاری شیلڈز جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو تعریفی اسناد اور شیلڈز پیش کی گئیں۔
