
چترال کی محرومیوں کے ازالے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، امین الرحمن شاہمیر
چترال (چترال ایکسپریس) چیرمین ویلج کونسل سنگور، امین الرحمن شاہمیر نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور شہزادہ پرنس رحیم آغا خان کی چترال آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کا یہ دورہ چترال کے دیرینہ مسائل کے حل اور عوامی محرومیوں کے خاتمے کا ذریعہ بنے گا۔
اپنے ایک بیان میں انہوں
نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اپنے دورے کے دوران جن سڑکوں اور علاقوں سے گزریں گے، وہاں کی خستہ حال شاہراہیں، ناقص مواصلاتی نظام اور بنیادی سہولیات کی کمی خود ان کے سامنے آجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چترال کے عوام طویل عرصے سے بہتر سڑکوں، پلوں اور سفری سہولیات کے منتظر ہیں جبکہ موجودہ صورتحال عوام کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہی ہے۔
امین الرحمن شاہمیر نے شہزادہ پرنس رحیم آغا خان سے بھی اپیل کی کہ وہ چترال میں تعلیم، صحت، صاف پانی اور غریب عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ آغا خان اداروں نے ماضی میں بھی خطے میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں اور عوام کو امید ہے کہ یہ تعاون مستقبل میں مزید وسعت اختیار کرے گا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ دور افتادہ علاقوں میں معیاری تعلیمی ادارے قائم کیے جائیں، موجودہ اسکولوں کی حالت بہتر بنائی جائے، بنیادی مراکز صحت میں ڈاکٹروں، ادویات اور جدید سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، صاف پینے کے پانی کے منصوبے شروع کیے جائیں، غریب عوام کے لیے گندم سبسڈی اور اشیائے ضروریہ میں خصوصی ریلیف دیا جائے اور خستہ حال سڑکوں و پلوں کی فوری تعمیر و مرمت کی جائے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور پرنس رحیم آغا خان اس دورے کو محض رسمی ملاقات تک محدود نہیں رکھیں گے بلکہ چترال کے عوام کے مسائل کے مستقل حل کے لیے عملی اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کریں گے۔
