
لوئر چترال، منشیات فروش گرفتار، ڈھائی کلو چرس برآمد
چترال (چترال ایکسپریس) لوئر چترال پولیس نے منشیات کے خلاف جاری مہم کے دوران ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ڈھائی کلو گرام چرس برآمد کرلی۔
پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال رفعت اللہ خان (PSP) کے خصوصی احکامات پر منشیات فروشوں کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ایس ڈی پی او سرکل چترال سجاد حسین کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ سٹی چترال سب انسپکٹر بلبل حسن نے پولیس نفری کے ہمراہ مخبر کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش رحمت الدین سکنہ کاری کو
گرفتار کر لیا۔
پولیس نے ابتدائی تلاشی کے دوران ملزم کے قبضے سے 1237 گرام چرس برآمد کرکے اس کے خلاف تھانہ سٹی چترال میں مقدمہ درج کر لیا۔ بعد ازاں تفتیشی افسر سب انسپکٹر عبدالہادی نے دورانِ تفتیش ملزم کی نشاندہی پر مزید 1226 گرام چرس برآمد کر لی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے مجموعی طور پر 2 کلو 463 گرام چرس برآمد ہوئی ہے جبکہ اس سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ منشیات کے نیٹ ورک اور دیگر سہولت کاروں تک پہنچا جا سکے۔
لوئر چترال پولیس نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ضلع کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
