
نو تعینات ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال ریشم جہانگیر کا پولیس سہولت مرکز زرگراندہ کا دورہ
چترال(چترال ایکسپریس)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال ریشم جہانگیر نے پولیس سہولت مرکز زرگراندہ کا دورہ کیا۔ ڈی پی او لوئر چترال نے
پولیس سہولت مرکز زرگراندہ میں موجود مختلف شعبہ جات ٹیکنیکل انوسٹی گیشن آفس ، فارنرز رجسٹریشن آفس ، لائسنس برانچ ، سوسائیڈ پریونٹو یونٹ (Suicide Preventive Unit) اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کا تفصیلی معائنہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے ہر شعبے میں عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات، ریکارڈ ، انتظامات اور مجموعی کارکردگی کا
جائزہ لیا۔
ڈی پی او لوئر چترال نے متعلقہ افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ شہریوں، غیر ملکی شہریوں اور سیاحوں کو بروقت، شفاف اور باوقار انداز میں خدمات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال ، عوام دوست رویے اور پیشہ ورانہ طرزِ عمل کے ذریعے پولیس پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
ڈی۔پی۔او لوئر چترال ریشم جہانگیر نے اس عزم کا اظہار کیا
کہ لوئر چترال پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ ، سیاحوں کی ہر ممکن معاونت، منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی ، امن و امان کے قیام اور جدید پولیسنگ کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
