
نو تعینات ڈی پی او لوئر چترال کا لاوی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ شیشی کوہ کا دورہ، سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ
چترال (چترال ایکسپریس) نو تعینات ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال ریشم جہانگیر (PSP) نے شیشی کوہ میں واقع لاوی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ کرکے پراجیکٹ کے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔
دورے کے موقع پر ایس پی سکیورٹی اسپیشل سکیورٹی یونٹ وحید اللہ، ڈی پی ایم نظام، لاوی پراجیکٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لقمان، ایس ایچ او تھانہ دروش سب انسپکٹر ابرار احمد، اسپیشل سکیورٹی یونٹ کے افسران، لاوی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے عملے اور دیگر پولیس افسران
بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
اس موقع پر ڈی پی او کو پراجیکٹ کی مجموعی سکیورٹی، تعینات اہلکاروں، حفاظتی اقدامات اور دیگر انتظامی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ریشم جہانگیر نے پراجیکٹ میں خدمات انجام دینے والے انجینئرز اور دیگر عملے سے ملاقات کی اور ملکی و غیر ملکی ماہرین کی رہائش گاہوں، پراجیکٹ سائٹس کی چار دیواری، خاردار تاروں، سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر حفاظتی انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
بعد ازاں انہوں نے سکیورٹی پر مامور پولیس جوانوں سے ملاقات کی اور انہیں موجودہ ملکی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ہر وقت چوکس رہتے ہوئے انتہائی ذمہ داری اور پیشہ ورانہ انداز میں فرائض انجام دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اہم قومی تنصیبات اور ترقیاتی منصوبوں کی سکیورٹی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔
