
منشیات فروشوں کے خلاف لوئر چترال پولیس کی ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری، 2 کلو 45 گرام چرس برآمد، ایک ملزم گرفتار
چترال (چترال ایکسپریس) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال ریشم جہانگیر (PSP) کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ایس ڈی پی او سرکل لٹکوہ احمد عیسیٰ کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ لٹکوہ سب انسپکٹر امتیاز احمد نے پولیس ٹیم کے ہمراہ ناکہ بندی کے دوران ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
پولیس کے مطابق دوران ناکہ بندی مشکوک حالت میں موجود ملزم ظفر احمد، سکنہ مردین گبور گرم چشمہ، کو
روک کر تلاشی لی گئی تو اس کے قبضے سے 2 کلو 45 گرام چرس برآمد ہوئی، جس پر اسے موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس نے گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ لٹکوہ میں انسدادِ منشیات کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے تاکہ اس کے ممکنہ سہولت کاروں اور نیٹ ورک کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال ریشم جہانگیر نے کہا ہے کہ ضلع کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور اس مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ منشیات کے خاتمے کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ پولیس کو دیں۔
