
موڑکہو وریجون ٹرانسپورٹ اڈہ تاحال غیر فعال، عوام کا سرکاری کرایہ نامے پر فوری عملدرآمد کا مطالبہ
اپر چترال (جمشید احمد): موڑکہو کے عوامی حلقوں نے وریجون میں قائم سرکاری ٹرانسپورٹ اڈے کو فوری طور پر فعال کرنے اور سرکاری کرایہ نامے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے
کہ تقریباً دو ماہ قبل ضلعی انتظامیہ، تحصیل انتظامیہ اور اسسٹنٹ کمشنر موڑکہو نے وریجون میں سرکاری ٹرانسپورٹ اڈے کا باقاعدہ افتتاح کیا تھا، تاہم افسوسناک امر یہ ہے کہ تاحال نہ اڈہ عملی طور پر فعال ہو سکا ہے اور نہ ہی سرکاری کرایہ نامے پر عملدرآمد نظر آ رہا ہے۔
عوام کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود ٹرانسپورٹرز اب بھی پرانے اور زائد کرایے وصول کر رہے ہیں، جبکہ چند ڈرائیور سرکاری نرخ نافذ ہونے میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں اور اپنی من مانی سے مسافروں سے اضافی کرایہ وصول کر رہے ہیں۔
عوامی حلقوں نے بتایا کہ وریجون سے بونی تک سرکاری کرایہ 120 روپے فی مسافر مقرر کیا گیا ہے، لیکن ڈرائیور 300 روپے فی سواری وصول کر رہے ہیں۔ اسی طرح وریجون سے چترال کا سرکاری کرایہ 570 روپے مقرر ہے، مگر مسافروں سے 750 سے 800 روپے تک وصول کیے جا رہے ہیں، جسے انہوں نے عوام کے ساتھ ناانصافی قرار دیا۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنر اپر چترال سے مطالبہ کیا کہ سرکاری کرایہ نامے پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے، تمام گاڑیوں میں کرایہ نامہ نمایاں مقام پر آویزاں کرنا لازمی قرار دیا جائے تاکہ مسافروں کو مقررہ کرایوں سے آگاہی حاصل ہو سکے۔
عوامی حلقوں نے مزید مطالبہ کیا کہ وریجون ٹرانسپورٹ اڈے کو فوری طور پر فعال کیا جائے تاکہ موڑکہو کے عوام کو بہتر، منظم اور سستی سفری سہولیات میسر آ سکیں۔
عوام نے بتایا کہ اس سلسلے میں دستخطی قرارداد بھی ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام کو ارسال کر دی گئی ہے۔
