
چترال میں گیس پلانٹس کے قیام کی جانب اہم پیش رفت، ایس این جی پی ایل نے باؤنڈری والز کی تعمیر کے ٹینڈرز جاری کر دیے
سابق ایم این اے شہزادہ افتخار الدین کا اقدام کا خیرمقدم، میاں نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور امیر مقام کا شکریہ؛ گیس پلانٹس کا دیرینہ خواب جلد حقیقت بنے گا، بیان
چترال (چترال ایکسپریس)ضلع چترال میں ایل پی جی ایئر مکس پلانٹس کی تنصیب کے دیرینہ منصوبے پر عملی پیش رفت کا آغاز ہو گیا ہے، جس کے تحت سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL) نے کمپنی کی حاصل کردہ اراضی پر حفاظتی چار دیواری اور فینسنگ کی تعمیر کے لیے باضابطہ ٹینڈر نوٹس جاری کر دیا ہے۔ یہ ترقیاتی کام ضلع چترال کے تین اہم مقامات چترال ٹاؤن، ایون اور دروش میں انجام دیا جائے گا، تاکہ ان مقامات کو پلانٹس کی تنصیب کے لیے تیار کیا جا سکے۔
ٹینڈر دستاویزات کے مطابق
یہ ٹینڈر ‘سنگل اسٹیج-ٹو انویلپ’ طریقہ کار کے تحت طلب کیے گئے ہیں، جنہیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 13 جولائی 2026ء دوپہر 12:00 بجے مقرر کی گئی ہے اور اسی روز دوپہر 12:30 بجے ٹینڈرز کھولے جائیں گے۔ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ٹینڈرنگ کا تمام عمل ای پی اے ڈی ایس (EPADS) کے ذریعے سرانجام دیا جا رہا ہے جس کی تفصیلات eprocure.gov.pk پر دستیاب ہیں۔ اس منصوبے میں پاکستان انجینئرنگ کونسل (PEC) سے رجسٹرڈ، این ٹی این اور صوبائی سیلز ٹیکس ہولڈر فرمیں حصہ لینے کی اہل ہوں گی۔
دوسری جانب سابق رکن قومی اسمبلی شہزادہ افتخار الدین نے
چترال، ایون اور دروش میں مجوزہ گیس پلانٹس کے لیے ایس این جی پی ایل کی جانب سے باؤنڈری والز کی تعمیر کے ٹینڈرز جاری کیے جانے کا پرجوش خیرمقدم کرتے ہوئے اسے منصوبے کی عملی پیش رفت قرار دیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ باؤنڈری والز کی تعمیر کے لیے ٹینڈرز کا اجرا اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ ان شاء اللہ گیس پلانٹس کے قیام کا دیرینہ خواب اب حقیقت کا روپ دھارنے کے قریب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے چترال کے عوام کو گیس کی سہولت میسر آئے گی، جس سے نہ صرف مقامی جنگلات پر دباؤ کم ہوگا بلکہ علاقے کی معاشی و سماجی ترقی میں بھی یہ منصوبہ اہم کردار ادا کرے گا۔
شہزادہ افتخار الدین نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف، وزیراعظم میاں شہباز شریف، وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہی کی قیادت میں ان گیس پلانٹس کی منظوری دی گئی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ بعد میں آنے والی حکومت نے سیاسی بنیادوں پر ان عوامی منصوبوں کو منسوخ کر دیا تھا، تاہم اب ان پر دوبارہ پیش رفت اور ٹینڈرز کا اجرا انتہائی خوش آئند ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام متعلقہ ادارے منصوبے پر تیزی سے کام مکمل کریں گے تاکہ چترال، ایون اور دروش کے عوام کو جلد از جلد اس بنیادی سہولت سے مستفید ہونے کا موقع مل سکے۔
