
بلوں کی عدم ادائیگی: چترال میں واپڈا کالونی دنین کے نادہندگان کے پانی کے کنکشن منقطع
چترال (چترال ایکسپریس)واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز کمپنی (WSSC) / تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (TMA) چترال کی ٹیکنیکل ٹیم نے پانی کے بلوں کی عدم ادائیگی پر سخت ایکشن لیتے ہوئے واپڈا کالونی، دنین میں متعدد نادہندگان کے واٹر سپلائی کنکشن کاٹ دیے۔
تفصیلات کے مطابق متعلقہ صارفین طویل عرصے سے واٹر چارجز ادا کرنے میں لیت و لعل سے کام لے رہے تھے، جس پر انتظامیہ کی ہدایت پر ٹیکنیکل ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ان
کے کنکشن منقطع کیے۔
محکمہ واٹر سپلائی/ٹی ایم اے انتظامیہ نے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی زحمت اور کنکشن کی کٹوتی سے بچنے کے لیے اپنے تمام واجب الادا بقایا جات (Dues) فوری طور پر جمع کروائیں، تاکہ علاقے میں پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوں کی بروقت ادائیگی نہ کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔
