تازہ ترین

چترال،اندھے چوری کیس کا سراغ، مرکزی ملزم گرفتار، 37 لاکھ 29 ہزار روپے مالیت کا مالِ مسروقہ برآمد

چترال (چترال ایکسپریس) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لوئر چترال ریشم جہانگیر (PSP) نے کہا ہے کہ لوئر چترال پولیس نے ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے زرگراندہ میں پیش آنے والے اندھے چوری کیس کا سراغ لگا کر مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ چوری شدہ نقد رقم، طلائی زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء بھی برآمد کر لی گئی ہیں، جن کی مجموعی مالیت 37 لاکھ 29 ہزار روپے ہے۔
اپنے دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او نے بتایا کہ 25 جون 2026 کو زرگراندہ چترال میں ایک رہائشی گھر میں اندھے چوری کی واردات رپورٹ ہوئی تھی، جس میں نقد رقم، طلائی زیورات اور دیگر قیمتی سامان چوری کیا گیا تھا۔ واقعے کے فوراً بعد تھانہ سٹی چترال میں مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ پولیس کے لیے ایک انتہائی چیلنجنگ کیس تھا، تاہم خصوصی تفتیشی ٹیم نے جدید سائنسی تفتیشی طریقہ کار، کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے تحت نصب سی سی ٹی وی کیمروں، تکنیکی شواہد اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے ملزم کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔ پولیس افسران اور جوانوں کی شب و روز محنت کے نتیجے میں مرکزی ملزم رقیب گل ولد جاوید گل، سکنہ ریحانکوٹ، کو گرفتار کر لیا گیا۔
ڈی پی او نے بتایا کہ ملزم کی نشاندہی پر چوری شدہ نقد رقم، طلائی زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء برآمد کر لی گئی ہیں، جن کی مجموعی مالیت 37 لاکھ 29 ہزار روپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزم نے دورانِ تفتیش اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد برآمد شدہ سامان اس کے اصل مالکان کے حوالے کر دیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں ڈی پی او ریشم جہانگیر نے کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ضلع بھر میں منشیات کے خاتمے کے لیے گرینڈ آپریشنز کیے جائیں گے، جبکہ سوشل میڈیا کے غلط استعمال کے ذریعے معاشرتی امن خراب کرنے والے عناصر کے خلاف بھی آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ لوئر چترال پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں پر یقین رکھتی ہے اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلع میں قانون شکن عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں آئندہ بھی بلاامتیاز جاری رہیں گی۔
پریس کانفرنس کے موقع پر ایس ڈی پی او سجاد حسین، ڈی ایس پی حضرت الدین اور سٹی پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او بلبل حسن بھی موجود تھے۔

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
Best Wordpress Adblock Detecting Plugin | CHP Adblock