
لوئر چترال: خواتین کے مسائل سننا اور ان کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنا خواتین پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، ڈی پی او ریشم جہانگیر
چترال (چترال ایکسپریس) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لوئر چترال ریشم جہانگیر نے کہا ہے کہ خواتین پولیس کا بنیادی فریضہ خواتین شہریوں کے مسائل کو توجہ سے سننا اور ان کے ساتھ خوش اخلاقی، احترام اور ہمدردی سے پیش آنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پولیس اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے مرد اہلکاروں کے شانہ بشانہ مؤثر انداز میں فرائض انجام دے رہی ہیں اور ان کا مثبت رویہ عوام کا پولیس پر اعتماد بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے
پولیس سہولت مرکز زرگراندہ میں منعقدہ لیڈیز پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خواتین پولیس افسران اور اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
دربار کے دوران خواتین پولیس اہلکاروں نے اپنے پیشہ ورانہ مسائل، درپیش مشکلات اور مختلف تجاویز سے ڈی پی او کو آگاہ کیا۔ ریشم جہانگیر نے تمام مسائل تفصیل سے سنے اور ان کے فوری حل کے لیے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ خواتین پولیس کو بہتر اور سازگار پیشہ ورانہ ماحول کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام دوست پولیسنگ کے فروغ، خواتین شہریوں کو بااعتماد ماحول فراہم کرنے اور پولیس کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں خواتین پولیس کا کردار نہایت اہم ہے۔ دربار کے اختتام پر خواتین اہلکاروں کی تجاویز کو سراہتے ہوئے ان پر مرحلہ وار عملدرآمد کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
