
ایم پی اے فاتح الملک علی ناصر نے 25 لاکھ روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے بکر آباد لنک روڈ کا افتتاح کر دیا
چترال (چترال ایکسپریس)چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ ایڈوائزری کمیٹی (DDAC) لوئر چترال اور رکن صوبائی اسمبلی فتح الملک علی ناصر نے کہا ہے کہ چترال کی تاریخ میں پہلی بار ترقیاتی فنڈز کو علاقے کی حقیقی خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ایمانداری، شفافیت اور بغیر کسی تفریق کے استعمال کیا جا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بکرآباد بالا کے لنک روڈ کی باقاعدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس اہم ترقیاتی منصوبے پر 25 لاکھ روپے کی لاگت آئی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے فتح الملک علی ناصر نے واضح کیا کہ ترقیاتی فنڈز کی ایک ایک پائی کسی بھی تعصب کے بغیر، انتہائی منصفانہ طریقے سے صرف کی جا رہی ہے کیونکہ ان کا بنیادی مقصد ہر کام میں ‘انصاف’ کو برقرار رکھنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ:
”عوام اپنے پارٹی قائد اور بانی عمران خان سے اپنی جان سے بڑھ کر محبت کرتے ہیں، کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ صرف خان صاحب ہی ان کے حقیقی نجات دہندہ ہیں۔”
انہوں نے بکرآباد بالا کے مکینوں کو یقین دلایا کہ ان کے دیہی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، خصوصاً پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے مسئلے کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ بکر آباد لنک روڈ کے افتتاح کے بعد انہوں نے جوغور اور گولدور کے علاقوں کا بھی تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے اپنے فنڈز سے مکمل ہونے والے متعدد دیگر ترقیاتی منصوبوں کا بھی باقاعدہ افتتاح کیا۔
اس پروقار تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی کے خصوصی سیاسی مشیر نوید احمد بیگ کوہکن سمیت دیگر اہم پارٹی رہنماؤں، جن میں زبیر، حیات الرحمن، نذیر احمد، اور محبوب احمد شامل تھے، نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر بکرآباد کے مقام پر چترال کے سینئر صحافی فخر عالم نے مہترِ چترال فتح الملک علی ناصر کو چترالی اون اور لکڑی سے بنے ہوئے روایتی تحائف بھی پیش کیے۔
