
لوئر چترال پولیس کی بڑی کارروائیاں؛ چرس اور کرسٹل آئس کی بھاری مقدار برآمد، خاتون سمیت 6 منشیات فروش گرفتار
چترال (چترال ایکسپریس)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال ریشم جہانگیر (PSP) کے خصوصی احکامات پر ضلعی پولیس کی جانب سے منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں کامیابی سے جاری ہیں۔ سٹی، رمبور اور لٹکوہ پولیس نے حالیہ کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں چرس اور کرسٹل آئس برآمد کرکے خاتون سمیت مزید 6 ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پہلی کارروائی ایس ڈی پی او سرکل چترال سجاد حسین کی سربراہی میں عمل میں لائی گئی۔ جس میں ایس ایچ او تھانہ سٹی چترال سب انسپکٹر بلبل حسن اور ایڈیشنل ایس ایچ او پروویشنل اسسٹنٹ سب انسپکٹر (PASI) اضفر عالم نے
اپنی ٹیم کے ہمراہ چھاپہ مار کر ملزم شاہ بلیع الدین سکنہ جغور کو گرفتار کیا۔ ملزم کے قبضے سے ابتدائی طور پر 2 کلو 454 گرام چرس اور 149 گرام کرسٹل آئس برآمد ہوئی۔ بعد ازاں، انویسٹی گیشن آفیسر گل نواز کی بہترین تفتیش اور ملزم کی نشاندہی پر مزید 83 گرام آئس برآمد کی گئی، جس سے برآمد شدہ آئس کی مجموعی مقدار 232 گرام ہو گئی۔ اسی کارروائی کے دوران ایک اور ملزم میر عجب سکنہ جغور کو بھی گرفتار کیا گیا جس کے قبضے سے 513 گرام چرس برآمد ہوئی۔ ملزمان کے خلاف تھانہ سٹی چترال میں مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
دوسری کارروائی میں ایس ڈی پی او سرکل بمبوریت حسن اللہ کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ رمبور سب انسپکٹر عبدالرشید نے اپنی ٹیم کے ہمراہ دورانِ گشت شک کی بنیاد پر ایک شخص کی تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران ملزم مظہر اللہ سکنہ اورغوچ کے قبضے سے 1050 گرام چرس برآمد ہوئی۔ پولیس کی جانب سے کی جانے والی مزید تفتیش کے دوران ملزم کی نشاندہی پر
رمبور کے علاقے بڑانکورو میں کارروائی کی گئی، جہاں سے ملزمہ زرین گل کے قبضے سے مزید 1020 گرام چرس برآمد کر کے اسے بھی گرفتار کر لیا گیا۔ اس کارروائی میں مجموعی طور پر 2070 گرام چرس برآمد کی گئی۔
تیسری کارروائی لٹکوہ سرکل میں عمل میں لائی گئی، جہاں ایس ڈی پی او سرکل لٹکوہ احمد عیسیٰ اور ایس ایچ او تھانہ لٹکوہ سب انسپکٹر امتیاز احمد کی سربراہی میں انچارج ہینڈلنگ کانسٹبل (IHC) شمس الانبیاء اور (IHC) محمد ولی نے
اپنی ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو دھر لیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت شہاب الدین اور شمسی علی ساکنان خوغیک لٹکوہ کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے ملزم شہاب الدین کے قبضے سے 1145 گرام چرس اور ملزم شمسی علی کے قبضے سے 895 گرام چرس برآمد کی۔ اس کارروائی میں مجموعی طور پر 2040 گرام چرس برآمد کی گئی۔
ڈی پی او لوئر چترال ریشم جہانگیر نے
تمام پولیس ٹیموں کی اس شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے عزم کا اظہار کیا ہے کہ معاشرے کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے تک کریک ڈاؤن بلا امتیاز جاری رہے گا اور نوجوان نسل کے مستقبل سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
