
لوئر چترال: تھانہ بمبوریت پولیس کی کامیاب کارروائی، چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد، دو ملزمان گرفتار
چترال (چترال ایکسپریس)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (DPO) لوئر چترال ریشم جہانگیر کی خصوصی ہدایات پر تھانہ بمبوریت پولیس نے فوری اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں تھانہ بمبوریت میں مسمی بہادر شاہ سکنہ کراکاڑ اور غیر ملکی شہری عبدالوہاب خمس بن یوسف سکنہ سلطنتِ عمان (حال مقیم چترال) نے اپنی موٹر سائیکلوں کی چوری سے متعلق رپورٹس درج کرائی تھیں۔
موٹر سائیکل چوری کی ان وارداتوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ڈی پی او (SDPO) سرکل بمبوریت حسن اللہ کی زیرِ نگرانی ایک خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی، جس میں ایس ایچ او (SHO) تھانہ بمبوریت سب انسپکٹر رحیم بیگ اور ڈی اے ایس آئی (DASI) اعجاز احمد شامل تھے۔
تفتیشی ٹیم نے
پیشہ ورانہ مہارت، جدید تفتیشی طریقہ کار اور انتھک کوششوں کے بعد وارداتوں کا سراغ لگا کر ان میں ملوث دو ملزمان محمد فصیح الدین اور کاشف الرحمن ساکنان راغ کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ دونوں موٹر سائیکلیں برآمد کر کے تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد انہیں اصل مالکان کے حوالے کر دیا۔
لوئر چترال پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ علاقے میں چوری کی دیگر وارداتوں کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔ پولیس کی اس بروقت کارروائی پر مقامی عوام اور متاثرہ شہریوں نے ڈی پی او لوئر چترال اور تفتیشی ٹیم کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
