تازہ ترین

ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف ملاکنڈ میں کل شٹر ڈاؤن؛ اپر و لوئر چترال اور دروش میں بھی ہڑتال کا اعلان

چترال (چترال ایکسپریس)ملاکنڈ ڈویژن کی آئینی حیثیت اور مجوزہ ٹیکسوں کے خلاف 21 جولائی کو مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ملاکنڈ ڈویژن ٹریڈرز فیڈریشن اور آل ملاکنڈ ڈویژن ایکشن کمیٹی کے صدر عبدالرحیم نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملاکنڈ ڈویژن کی سابقہ پاٹا (PATA) کی خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے، بصورت دیگر پورے ملاکنڈ ڈویژن میں احتجاجی تحریک کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

​انہوں نے اعلان کیا کہ ضلعی صدور اور ضلعی ایکشن کمیٹیوں کی مشاورت سے 21 جولائی بروز منگل پورے ملاکنڈ ڈویژن میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی، جبکہ مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں پہیہ جام ہڑتال, لانگ مارچ، اہم شاہراہوں کی بندش اور دیگر سخت احتجاجی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔

​سوات میڈیا کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر عبدالرحیم نے کہا کہ فاٹا اصلاحات کے دوران مرکزی و صوبائی حکومتوں اور منتخب عوامی نمائندوں نے ایسے فیصلوں کی حمایت کی جن کے نتیجے میں ملاکنڈ ڈویژن کی خصوصی آئینی حیثیت متاثر ہوئی اور مختلف ٹیکسوں کے نفاذ کی راہ ہموار ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاکنڈ ڈویژن پہلے ہی دہشت گردی، فوجی آپریشنز، سیلاب، زلزلوں اور دیگر قدرتی آفات سے شدید متاثر رہا ہے، ایسے میں ٹیکسوں کا بوجھ یہاں کے کاروباری طبقے اور عوام کے لیے ناقابلِ برداشت ہے۔

​دوسری جانب آل ملاکنڈ ڈویژن ایکشن کمیٹی اور تاجر برادری کے اس فیصلے کی تائید کرتے ہوئے ضلع چترال لوئر، اپر چترال اور دروش بازار کے صدور نے بھی مرکزی قیادت کے فیصلے کے ساتھ مکمل اتفاق کا اظہار کیا ہے۔ چترال اور دروش کے تاجر نمائندوں اور صدور نے چترال بھر کے کاروباری حلقوں اور تاجر برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ ملاکنڈ ڈویژن کی بقا اور حقوق کی اس جنگ میں اپنا بھرپور حصہ ڈالیں اور 21 جولائی کو چترال، اپر چترال اور دروش سمیت تمام ملحقہ بازاروں میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کو کامیاب بنا کر تاجر اتحاد کا ثبوت دیں۔

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
Best Wordpress Adblock Detecting Plugin | CHP Adblock

اشتہارات بند کیوں ہیں؟۔

براہِ کرم ہمارے پلیٹ فارم کو سپورٹ کرنے کے لیے اشتہارات کو روکنے والی ایپ بند کر دیں۔ آپ کی معاونت ہمارے لیے اہم ہے۔