
لوئر چترال: منشیات فروشوں کے خلاف پولیس کا بڑا کریک ڈاؤن، بھاری مقدار میں دیسی و خام شراب برآمد، 2 ملزمان گرفتار
چترال (چترال ایکسپریس) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال ریشم جہانگیر (PSP) کے خصوصی احکامات پر پولیس نے منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں تھانہ شغور کی پولیس نے ایک کامیاب چھاپہ مار کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں دیسی و خام شراب اور شراب کشید کرنے والے آلات برآمد کر کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ایس ڈی پی او (SDPO) سرکل لٹکوہ احمد کی سربراہی میں
ایس ایچ او تھانہ شغور سب انسپکٹر (SI) فدا محمد اور ایڈیشنل ایس ایچ او پی اے ایس آئی (PASI) دیدار علیشاہ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ مختلف مقامات پر مکانات کی تلاشی لی۔
دورانِ تلاشی پولیس نے ایک کارروائی میں ملزم رحمت مراد ساکن مومی کے قبضے سے 5.5 لیٹر دیسی شراب برآمد کی۔ جبکہ دوسری کارروائی میں ملزم رحمت اللہ ساکن مومون شغور کے قبضے سے 55 لیٹر خام شراب، 6 لیٹر دیسی شراب (از قسم ٹارہ) اور شراب کشید کرنے والے آلات و بھٹی برآمد کر لی گئی۔
پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف تھانہ شغور میں انسدادِ منشیات قوانین کے تحت مقدمات درج کر لیے ہیں اور مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
اس موقع پر پولیس حکام کا کہنا تھا کہ لوئر چترال کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کا عزم مصمم کر رکھا ہے اور اس مکروہ دھندے میں ملوث کسی بھی عنصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
