
عوام موت کے سوداگروں کا سماجی بائیکاٹ کر کے پولیس کا مضبوط بازو بنیں، ڈی پی او کا عوام کے نام خصوصی پیغام
چترال (چترال ایکسپریس) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لوئر چترال ریشم جہانگیر نے ضلع بھر کے معزز اور امن پسند عوام کے نام ایک خصوصی اور اہم پیغام جاری کرتے ہوئے منشیات کے مکمل تدارک کے لیے سخت ترین عزم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ منشیات ہماری نوجوان نسل کے خواب، ہمارے خاندانوں کی خوشیاں اور ہمارے پُرامن معاشرے کا مستقبل نگلنے والی خاموش تباہی ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ڈی پی او لوئر چترال
نے واضح کیا کہ لوئر چترال پولیس یہ پختہ عزم کرتی ہے کہ منشیات فروشوں کا یہ مکروہ دھندہ ہر قیمت پر بند کر کے دم لے گی اور قانون کی گرفت سے کوئی بھی مجرم بچ نہیں پائے گا۔ انہوں نے لوئر چترال کے باوقار اور امن پسند عوام سے دردمندانہ اپیل کی کہ وہ ان موت کے سوداگروں کا مکمل سماجی بائیکاٹ کریں، کسی بھی معاملے میں ان کا ساتھ نہ دیں بلکہ ان کے خلاف کارروائیوں میں پولیس کا مضبوط بازو بن جائیں۔
ریشم جہانگیر نے اپنے پیغام کے آخر میں عوام کو یکجہتی کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ آئیں ہم سب مل کر یہ عہد کریں کہ لوئر چترال کو منشیات سے پاک، امن، بھائی چارے اور خوشحالی کا گہوارہ بنائیں گے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ جب عوام اور پولیس ایک صف میں کھڑے ہوں تو جرم کی ہر طاقت شکست کھا جاتی ہے اور امن ہمیشہ سرخرو ہوتا ہے۔
