
چترال کو فوری آفت زدہ قرار دیا جائے: پیپلز پارٹی کا شدید بارشوں اور سیلاب سے تباہی پر وفاقی و صوبائی حکومت سے مطالبہ
چترال (چترال ایکسپریس )پاکستان پیپلز پارٹی ضلع چترال کے جنرل سیکرٹری قاضی فیصل نے چترال میں حالیہ شدید بارشوں اور تباہ کن سیلاب سے ہونے والی وسیع پیمانے کی تباہی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان اور حکومتِ خیبر پختونخوا سے ضلع چترال کو فوری طور پر ‘آفت زدہ’ (ایمرجنسی) قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ایک اخباری بیان میں پی پی پی رہنما قاضی فیصل نے
کہا کہ سیلابی ریلوں اور بارشوں کی وجہ سے ضلع بھر میں سڑکیں، پل، پینے کے پانی کے منصوبے، بجلی کا نظام، مواصلات اور زرعی اراضی شدید متاثر ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد خاندان بے گھر ہو چکے ہیں اور کھلے آسمان تلے کٹھن حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے حکومت اور انتظامیہ سے درج ذیل ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا کہ متاثرہ تمام خاندانوں کے جانی و مالی نقصان کا فوری اور مناسب ازالہ کیا جائے، تباہ شدہ سڑکوں، پلوں، بجلی، پانی اور دیگر انفراسٹرکچر کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت اور بحالی یقینی بنائی جائے،ضلعی انتظامیہ سمیت تمام متعلقہ لائن ڈیپارٹمنٹس کو ہائی الرٹ پر رکھا جائے تاکہ وہ متاثرین کو فوری امداد فراہم کر سکیں، متاثرہ علاقوں میں خوراک، ادویات، صاف پانی اور عارضی رہائش (خیموں) کی بلا تعطل فراہمی ممکن بنائی جائے،این ڈی ایم اے (NDMA)، پی ڈی ایم اے (PDMA) اور دیگر تمام امدادی ادارے مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے کاموں میں تیزی لائیں۔
قاضی فیصل نے زور دے کر کہا کہ حکومت زبانی جمع خرچ کے بجائے فوری، مؤثر اور عملی اقدامات کرے تاکہ متاثرہ عوام کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے اور چترال کو اس قدرتی آفت کے اثرات سے جلد از جلد نکالا جا سکے۔
