
اپر چترال: پاور کمیٹی کے چیئرمین عنایت اللہ مستعفی، عوامی خدمت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار
اپر چترال (رپورٹ: شہزاد احمد) اپر چترال کی پاور کمیٹی کے چیئرمین اور سابق ولیج چیئرمین عنایت اللہ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
اپنے جاری کردہ میڈیا بیان میں عنایت اللہ نے
بتایا کہ انہیں ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر اپر چترال کے دفتر سے باقاعدہ نوٹیفکیشن کے ذریعے پاور کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ دو سال چار ماہ سے اس ذمہ داری کو نبھا رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ محدود وسائل اور مختلف مشکلات کے باوجود انہوں نے اپنی ٹیم کے تعاون سے بجلی سے متعلق عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوششیں کیں اور پوری دیانتداری، خلوص اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیے۔
عنایت اللہ کے مطابق حالیہ دنوں میں پارٹی کے اندر پیدا ہونے والی تبدیلیوں، اختلافات اور بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال کے باعث انہوں نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر وسائل کی کمی یا دیگر ناگزیر وجوہات کی بنا پر علاقے کے بعض مسائل حل نہ ہو سکے یا کچھ ترقیاتی کام ادھورے رہ گئے ہوں تو وہ اس پر عوام سے دلی معذرت خواہ ہیں۔
انہوں نے اپنی ٹیم اور علاقے کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی کسی سرکاری یا تنظیمی عہدے کے بغیر عوامی خدمت، علاقے کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
