
ڈپٹی کمشنر اپر چترال کی فخر الدین فخر کی نایاب کتاب کی اشاعت میں تعاون کی یقین دہانی
اپر چترال (ذاکر محمدزخمی):انجمن ترقی کھوار (موڑکھؤ) کے صدر اور مرکزی انجمن ترقی کھوار (چترال) کے نائب صدر، معروف محقق، ادیب اور شاعر فخر الدین فخر نے ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان سے ملاقات کی، جس میں کھوار زبان کی نایاب ادبی و ثقافتی وراثت پر مشتمل ان کی زیرِ اشاعت کتاب “کھوار میں رومانوی شاعری کی روایت” پر
تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران فخر الدین فخر نے ڈپٹی کمشنر کو اپنی تحقیقی کاوشوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ کتاب کھوار زبان کی قدیم اور نایاب رومانوی شاعری کو یکجا کرنے کی ایک منفرد کوشش ہے، جس میں لوک روایت کے ذریعے نسل در نسل منتقل ہونے والے اشعار کو پہلی مرتبہ تحریری صورت میں محفوظ کیا گیا ہے۔ کتاب میں شامل شاعری کے ساتھ اردو ترجمہ بھی دیا گیا ہے تاکہ غیر کھوار داں قارئین بھی چترال کی زبان، تہذیب اور ادبی تاریخ سے آگاہ ہو سکیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد عمران خان نے اس گرانقدر ادبی منصوبے کو سراہتے ہوئے کتاب کی اشاعت کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ چترال کی زبان، ادب اور ثقافتی ورثے کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ایسی تحقیقی کاوشیں آئندہ نسلوں کے لیے قیمتی سرمایہ ثابت ہوں گی۔
ادبی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر اپر چترال کے اس مثبت رویے اور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ فخر الدین فخر کی کتاب کی اشاعت نہ صرف ایک محقق کی حوصلہ افزائی ہے بلکہ چترال کی ادبی اور ثقافتی شناخت کو محفوظ بنانے کی جانب ایک اہم قدم بھی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ علمی و تحقیقی شاہکار جلد منظر عام پر آکر اہلِ علم اور ادب کے لیے ایک اہم حوالہ ثابت ہوگا۔
