
پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف چترال میں جماعت اسلامی کا احتجاجی جلسہ، اتالیق چوک پر عوام کا سمندر امڈ آیا
حکومت پٹرولیم مصنوعات پر 120 روپے لیوی ختم کرے ورنہ تحریک دائرہ وسیع کریں گے: مقررین کا خطاب؛ بونی میں بھی شاہراہ بلاک
چترال (چترال ایکسپریس)پٹرولیم مصنوعات پر 120 روپے فی لیٹر پٹرولیم لیوی اور ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمن کی کال پر اتالیق چوک چترال میں ایک بڑا احتجاجی جلسہ عام منعقد ہوا۔ جلسے میں تاجر برادری، سیاسی و سماجی رہنماؤں
اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
جلسے سے جماعت اسلامی لوئر چترال کے ضلعی امیر وجیہہ الدین، نائب امیر مولانا جمشید، ضلعی سیکرٹری عبدالحق، شجاع الحق بیگ، مولانا رحمت اللہ اور سلطان محمد نے خطاب کیا۔ تجار یونین کے صدر نور احمد خان اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے صدر حاجی عید الحسین نے بھی خصوصاً شرکت کی اور خطاب کیا۔
مقررین نے پٹرولیم مصنوعات پر عائد سنگین لیوی کو عوام کا معاشی قتل قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ جماعت اسلامی لوئر چترال کے ضلعی امیر وجیہہ الدین نے کہا کہ حکومت نے عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈال کر پٹرولیم لیوی کی مد میں 1800 ارب روپے سمیٹے ہیں، جس سے معاشرے کے تمام طبقات متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس لیوی کو فوری طور پر ختم کیا جائے تو ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں فی الفور 200 روپے فی لیٹر تک نیچے آ سکتی ہیں۔
تجار یونین کے صدر نور احمد خان اور اے این پی کے صدر حاجی عید الحسین نے حکومت کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ چترال کے عوام اس معاشی ظلم کو تسلیم نہیں کریں گے اور حقوق کی جنگ لڑیں گے۔ انہوں نے پٹرولیم لیوی کی فوری منسوخی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے تنبیہ کی کہ مطالبہ پورا نہ ہونے پر یہ احتجاج فیصلہ کن تحریک کی شکل اختیار کر لے گا جس کی ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔
دوسری جانب اپر چترال کے علاقے بونی میں بھی احتجاج کے دوران موٹر گاڑیوں کی آمدورفت مکمل بند رہی، جہاں جماعت اسلامی اپر چترال کے ضلعی امیر اسد الرحمن اور دیگر رہنماؤں نے مظاہرین سے خطاب کیا۔
