
پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی ٹیکس کے خلاف اپر چترال میں جماعت اسلامی کا شدید احتجاج، چترال شندور روڈ پر چرون کے مقام پر بڑا مظاہرہ
حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر غیر ضروری ٹیکسز ختم کر کے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرے، جلسے سے مقررین کا مطالبہ
اپر چترال (جمشید احمد): امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر ملک گیر احتجاجی تحریک کے سلسلے میں اپر چترال میں بھی پیٹرول اور ڈیزل پر عائد لیوی ٹیکس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جماعت اسلامی اپر چترال کے زیر اہتمام چترال شندور روڈ پر چرون کے مقام پر ایک بڑا احتجاجی جلسہ منعقد ہوا، جس میں جماعت کے کارکنوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
احتجاجی مظاہرے کی صدارت امیر جماعت اسلامی اپر چترال اسد الرحمن نے کی جبکہ نظامت کے فرائض قیم جماعت اسلامی اپر چترال اشفاق احمد نے انجام دیے۔ اپر چترال کے مختلف زونز سے زونل امراء اور اراکین نے شرکت کر کے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد اضافی ٹیکسز اور لیوی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
جلسے سے نائب امیر مختار احمد، نائب امیر اکبر حسین، نائب قیم شجاع احمد، جماعت اسلامی یوتھ کے نائب صدر حسین احمد، وسیم شادان، عبداللہ جان، نادر خان، نعیم الرحمن لال اور جے آئی یوتھ تحصیل موڑکہو کے صدر امین الرحمن سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ مہنگائی سے پسے ہوئے عوام پر پیٹرولیم مصنوعات اور لیوی کا مزید بوجھ ڈالنا معاشی ظلم ہے۔ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے روزمرہ اشیائے ضروریہ اور کرایوں میں بے تحاشا اضافہ ہو رہا ہے۔
صدارتی خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی اپر چترال اسد الرحمن نے عزم ظاہر کیا کہ جماعت اسلامی عوامی حقوق کے تحفظ اور ظالمانہ ٹیکسز کے خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کے آئندہ کے اعلان اور لائحہ عمل کے لیے مکمل تیار رہیں۔
احتجاج کے اختتام پر شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر عائد اضافی لیوی اور غیر ضروری ٹیکسز فوری واپس لیے جائیں۔
