تازہ ترین

ریشن گول: سیلاب کے بعد پناندہ بٹکاندہ کا زمینی رابطہ منقطع، طلبہ و مریض مشکلات کا شکار

اپر چترال(رپورٹ: شہزاد احمد )ریشن گول میں گزشتہ سیلاب کے بعد پناندہ اور بٹکاندہ کے دونوں دیہات کا ریشن کے ساتھ زمینی رابطہ تاحال بحال نہ ہوسکا، جس کے باعث مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

سیلابی ریلوں کے باعث دونوں دیہات کو ریشن سے ملانے والے دو اہم پل مکمل طور پر بہہ گئے ہیں، تاہم طویل عرصہ گزرنے کے باوجود ان کی مستقل تعمیر نہیں کی جاسکی اور نہ ہی عوام کے لیے کوئی محفوظ متبادل راستہ فراہم کیا گیا ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق زمینی رابطہ منقطع ہونے کے باعث بچوں کا سکول جانا مشکل ہوگیا ہے، جبکہ بیماروں کو ہسپتال منتقل کرنے میں بھی شدید دشواری پیش آتی ہے۔ بزرگوں، خواتین اور بچوں کو دشوار گزار پہاڑی راستوں سے پیدل سفر کرنا پڑ رہا ہے، جو بارش اور خراب موسم کے دوران مزید خطرناک ہوجاتا ہے۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ گزشتہ ایک دو سال کا نہیں بلکہ گزشتہ 12 سے 13 سال سے ہر سال سیلاب کے بعد پیدا ہورہا ہے۔ سیلاب سے پلوں کے بہہ جانے کے بعد عارضی طور پر راستے بحال کیے جاتے ہیں، تاہم اگلے سیلاب میں یہ عارضی پل دوبارہ تباہ ہوجاتے ہیں اور دونوں دیہات کا زمینی رابطہ ایک بار پھر منقطع ہوجاتا ہے۔

مکینوں کے مطابق حکومت اور ضلعی انتظامیہ کو گزشتہ کئی برسوں سے اس مسئلے سے آگاہ کیا جارہا ہے اور متعدد بار مطالبہ کیا گیا کہ عارضی پلوں کے بجائے مستقل اور مضبوط پل تعمیر کیے جائیں۔ تاہم ان کے بقول اس اہم عوامی مسئلے کے مستقل حل کے لیے تاحال مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔

علاقہ مکینوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں خدانخواستہ کسی مریض یا زخمی شخص کو ہنگامی بنیادوں پر ہسپتال منتقل کرنے کی ضرورت پیش آئے تو بروقت طبی امداد تک رسائی انتہائی مشکل ہوسکتی ہے۔

پناندہ اور بٹکاندہ کے مکینوں نے حکومت خیبرپختونخوا، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں سے مطالبہ کیا ہے کہ دونوں تباہ شدہ پلوں کی مستقل تعمیر کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مستقل پل تعمیر نہیں ہوتے، اس وقت تک دونوں دیہات کے لیے محفوظ، آسان اور قابلِ استعمال متبادل پیدل راستہ فوری طور پر تعمیر اور بہتر بنایا جائے۔

مقامی لوگوں نے کہا کہ گزشتہ 12، 13 سال سے جاری اس مسئلے کو مزید عارضی اقدامات کے بجائے مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ پناندہ اور بٹکاندہ کے عوام کو ہر سال سیلاب کے بعد زمینی رابطہ منقطع ہونے کی اذیت سے نجات مل سکے۔

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
100% Free SEO Tools - Tool Kits PRO

اشتہارات بند کیوں ہیں؟۔

براہِ کرم ہمارے پلیٹ فارم کو سپورٹ کرنے کے لیے اشتہارات کو روکنے والی ایپ بند کر دیں۔ آپ کی معاونت ہمارے لیے اہم ہے۔