
لاسپور میں تین روزہ ‘امیر اللہ خان یفتالی پولو کپ 2026’ کا انعقاد، فری اسٹائل پولو کے فروغ کا عزم
اپر چترال(چترال ایکسپریس)لاسپور کی تاریخی سرزمین پر امیر اللہ خان یفتالی فاؤنڈیشن کے زیرِ نگرانی تین روزہ ‘امیر اللہ خان یفتالی پولو کپ 2026’ کا انعقاد تاریخی پولو گراؤنڈ ہرچین میں کیا جا رہا ہے۔ اس روایتی کھیلوں کے میلے میں وادی لاسپور کے علاوہ اوی، سنوغر، مستوج اور چوینچ سے تعلق رکھنے والے نامور اور باصلاحیت پولو کھلاڑی اپنے فن کے جوہر دکھائیں گے۔
یہ پولو کپ چترال میں فری اسٹائل پولو کی شاندار روایت، ثقافتی ورثے اور مقامی کھیلوں کی شناخت کو زندہ رکھنے کی ایک بامقصد کاوش ہے۔ اس ایونٹ کا بنيادی مقصد نوجوان پولو کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنا اور انہیں ایک مضبوط پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔
ٹورنامنٹ کی تیاریوں کے سلسلے میں لاسپور پولو ایسوسی ایشن کے کھلاڑیوں، سابق پولو پلیئرز اور کھیل سے وابستہ اہم شخصیات کی ‘ہرچین ہیریٹیج میوزیم’ میں ایک خصوصی نشست منعقد ہوئی۔ اس نشست میں ایونٹ کو کامیاب بنانے اور مقامی پولو کے فروغ کے لیے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
شرکاء نے امیر اللہ خان یفتالی مرحوم کی چترال میں فری اسٹائل پولو کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے پولو کو چترال کی ثقافتی شناخت اور روایات سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پولو کپ نئی نسل تک اس روایتی کھیل کو منتقل کرنے اور مقامی سطح پر اسے مزید منظم کرنے کا بہترین ذریعہ بنے گا۔
معروف اور سابق پولو پلیئرز نے زور دیا کہ فری اسٹائل پولو کے تحفظ کے لیے کھلاڑیوں، ایسوسی ایشنز اور کمیونٹی کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ امیر اللہ خان یفتالی فاؤنڈیشن کے مطابق اس کپ کا انعقاد نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے اور چترال کے اس تاریخی کھیل کو قومی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے عزم کا مظہر ہے۔ یہ تین روزہ ایونٹ شائقینِ پولو کے لیے ایک یادگار اور شاندار ثقافتی و ورزشی میلہ ثابت ہوگا۔
