
لوئر چترال: جشنِ آزادی کے سلسلے میں تین روزہ خصوصی صفائی مہم کا آغاز، آگاہی واک کا اہتمام
چترال (چترال ایکسپریس)صوبائی حکومت کی خصوصی ہدایات پر 14 اگست جشنِ آزادی کی مناسبت سے ضلع لوئر چترال میں تین روزہ خصوصی صفائی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
مہم کے پہلے روز ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن لوئر چترال، ڈسٹرکٹ یوتھ آفس اور
تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم اے) چترال کے مشترکہ اہتمام سے ایک بیداری و صفائی آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک کا بنیادی مقصد شہریوں میں صفائی ستھرائی کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور ایک پاک و صاف چترال کے عزم کا اعادہ کرنا تھا۔
آگاہی واک میں ضلعی انتظامیہ کے افسران، یوتھ آفیسرز، ٹی ایم اے کے عملے اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر صفائی کی اہمیت کے حوالے سے تحریریں درج تھیں۔
منتظمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تین روزہ مہم کے دوران شہر اور گردونواح کے علاقوں میں صفائی کے بہترین انتظامات کیے جائیں گے تاکہ جشنِ آزادی کا تہوار ایک صاف ستھرے اور خوشگوار ماحول میں منایا جا سکے۔
