بشارت از مبشرالملک

14 اگست کا غم۔۔تحریر۔ مبشرالملک

للگ بھگ پینتیس برسوں سے یومِ آزادی پر کچھ نہ کچھ لکھتا آیا ہوں؛ اخبارات کے لیے بھی اور سوشل میڈیا کے لیے بھی۔ مگر اس بار دل نہیں چاہ رہا کہ کچھ لکھوں۔ وہی پینتیس برس کے گھسے پٹے الفاظ اور جملے دہرانے کے بجائے بہتر ہے کہ اللہ پاک مجھے بخش دے۔

ہم کس امید اور سادگی سے اقوامِ عالم، کشمیریوں، فلسطینیوں، افغانیوں، چیچنوں اور بوسنیائیوں سمیت دنیا بھر کے مظلوموں کو آزادی کی لذت سے آشنا ہونے کا درس دیتے رہے، اور اس ملکِ خداداد کو آزادی، امن اور اتحاد کا سرخیل تصور کرتے رہے۔ مگر پچھتر برس بعد جب نقاب سے پردہ اٹھا تو معلوم ہوا کہ آزادی ضرور حاصل ہوئی، مگر زیادہ تر طاقتوروں، جاگیرداروں، سرمایہ داروں، بیوروکریٹس، اسمگلروں، مافیاز اور کرپٹ سیاست دانوں کو۔

کلمے کے نام پر لوگوں کو جمع کرکے تقسیمِ ہند تو ہوگئی، مگر دینِ اسلام کو نہ سرکاری طور پر آزادی ملی، نہ وہ مذہبی اور مسلکی قید سے آزاد ہوسکا۔ انصاف کو عدلیہ سے آزادی نہیں ملی، میرٹ اداروں کی قید میں ہے، اور ملک کے قوانین بنانے والی پارلیمنٹ بھی اپنی حقیقی آزادی حاصل نہ کرسکی۔ شہری حقوق آج بھی سفارش اور رشوت کے محتاج ہیں، عوام مہنگائی اور سود کے بوجھ تلے سسک رہے ہیں۔ ملک کا گوشہ گوشہ لہولہان ہے اور فاصلے اتنے بڑھ گئے ہیں کہ کسی بڑے حادثے کا خوف ہر وقت سر پر منڈلاتا ہے۔

زخموں پر مرہم رکھنے والا کوئی دکھائی نہیں دیتا۔ اس کے بجائے عوام اور فوج کے درمیان بداعتمادی کی دیواریں بلند ہوتی جارہی ہیں۔ ہر خرابی اور ہر سانحے کی ذمہ داری جنرلوں پر ڈالنے کا رجحان بھی خطرناک ہے اور مقبول سیاسی قیادت کے بارے میں شکوک و شبہات پھیلانا بھی۔ اداروں اور عوام کو ایک دوسرے کا حریف نہیں، ملک کا شریک سمجھنا ہوگا۔

اس آپس کی جنگ نے ملکی معیشت، استحکام اور قومی یکجہتی کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ اہلِ عقل و فراست کے لیے سوال یہ ہے کہ ایسے حالات میں باجے بجانے، نغمے گانے، پریڈ کرنے اور نعرے لگانے سے کیا آزادی کا مقصد پورا ہوجاتا ہے؟

آزادی صرف جھنڈا لہرانے کا نام نہیں؛ آزادی انصاف، عزت، امن، میرٹ، قانون کی حکمرانی اور شہری حقوق کا نام ہے۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ عوام، ادارے اور حکمران ایک دوسرے کے خلاف صف آرا ہونے کے بجائے ایک دوسرے کا ہاتھ تھامیں۔

آخر ان عوامی غموں کے لیے دستِ شفا کس کے پاس ہے؟

اور جب غم پہاڑ جتنے بھاری ہوں تو عوام صرف جشن منا کر آزادی کیسے منائیں؟

زر الذهاب إلى الأعلى
Ads Blocker Image Powered by Code Help Pro

Ads Blocker Detected!!!

We have detected that you are using extensions to block ads. Please support us by disabling these ads blocker.

Powered By
100% Free SEO Tools - Tool Kits PRO

اشتہارات بند کیوں ہیں؟۔

براہِ کرم ہمارے پلیٹ فارم کو سپورٹ کرنے کے لیے اشتہارات کو روکنے والی ایپ بند کر دیں۔ آپ کی معاونت ہمارے لیے اہم ہے۔