
یونین کونسل لاسپور میں ریسکیو 1122 کے قیام کی جانب عملی پیش رفت، ہرچین میں عارضی دفتر پر کام کا آغاز
اپرچترال (امیر نیاب)یونین کونسل لاسپور میں ریسکیو 1122 ایمرجنسی سروس کے قیام کی جانب عملی پیش رفت کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ اس سلسلے میں ہرچین (لاسپور) میں ریسکیو 1122 کے عارضی دفتر کے قیام کے لیے
کام شروع کر دیا گیا ہے، جسے علاقائی عوام نے ایک انتہائی خوش آئند اور اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
اس اہم پیش رفت پر سابق چیئرمین ویلج کونسل ہرچین بروک، شیر اعظم نے ضلعی انتظامیہ بالخصوص ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان اور اسسٹنٹ کمشنر مستوج افضل علی کی خصوصی کاوشوں اور تعاون کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی انتھک کوششوں کی بدولت لاسپور جیسے دور افتادہ علاقے میں ریسکیو 1122 کے قیام کی راہ ہموار ہوئی ہے، جو کسی بھی ناگہانی آفت یا ہنگامی صورتحال میں قیمتی انسانی جانوں کی حفاظت اور بروقت امداد کے لیے سنگِ میل ثابت ہو گی۔
عوامِ لاسپور نے امید ظاہر کی ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے جلد از جلد اس عارضی دفتر کو ایمبولینس، جدید آلات اور دیگر ضروری سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی تاکہ یہ سروس مکمل طور پر فعال ہو کر علاقے کے لوگوں کو مؤثر اور بروقت ایمرجنسی خدمات فراہم کر سکے۔
اہالیانِ لاسپور نے علاقے کے اس دیرینہ مسئلے کے حل اور عوامی فلاح کے اس منصوبے پر ڈپٹی کمشنر اپر چترال اور اسسٹنٹ کمشنر مستوج کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا ایک بار پھر شکریہ ادا کیا۔
