
حسن البنا ماڈل ہائی سکول وریجون میں جشنِ آزادی کی پروقار تقریب
ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر الیاس احمد کی بطور مہمانِ خصوصی شرکت؛ پرچم کشائی کی، کیک کاٹا گیا
اپر چترال (جمشید احمد)وطنِ عزیز پاکستان کے دیگر حصوں کی طرح اپر چترال کے علاقے وریجون میں بھی جشنِ آزادی ملی جوش و جذبے اور شایانِ شان انداز میں منایا گیا۔ اس سلسلے میں حسن البنا ماڈل ہائی سکول وریجون میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں
اساتذہ، طلبہ و طالبات، عمائدینِ علاقہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کی صدارت سابق چیئرمین ویلج کونسل زائینی نوگرام ناصرالدین نے کی، جبکہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر موڑکہو تورکہو الیاس احمد تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز پرچم کشائی سے ہوا۔ مہمانِ خصوصی ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر الیاس احمد نے سبز ہلالی پرچم لہرایا، جس کے بعد سکول کے طلبہ نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔
برنامے کے دوران طلبہ و طالبات نے حمد، نعت، دلکش ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کیے، جنہیں شرکاء نے بے حد سراہا۔ طلبہ نے اپنی تقاریر میں تحریکِ پاکستان کے مختلف مراحل، مسلمانوں کی لازوال قربانیوں اور آزادی کے حصول کے لیے برصغیر کے مسلمانوں کی عظیم جدوجہد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
مہمانِ خصوصی ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر الیاس احمد نے اپنے خطاب میں آزادی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے تحریکِ پاکستان کے مجاہدین اور شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا:
“پاکستان ان گنت قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوا ہے، اس لیے نئی نسل پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے اور قومی یکجہتی کو فروغ دے۔”
صدرِ محفل ناصرالدین نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے جس کی قدر کرنا ہم سب کا فرض ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ ملک و قوم کی خدمت اور تعمیر و ترقی کو اپنا نصب العین بنائیں۔
تقریب کے دوران معروف شاعر منظور الٰہی نے آزادی کے حوالے سے اپنا کہوار منظوم کلام پیش کیا جسے حاضرین نے خوب داد دی۔
سکول کے پرنسپل بشیر اللہ نے تمام آمدہ مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں نظامت کے فرائض سکول کی طالبات اشفہ عروج اور ان کی ساتھی نے احسن طریقے سے انجام دیے۔
برنامے کے اختتام پر پاکستان چلڈرن ریلیف (PCR) کے نمائندے آصف علی نے سکول کے بچوں کے ساتھ جشنِ آزادی کا کیک کاٹا۔ بعد ازاں، استاد قاری اظہر الدین نے وطنِ عزیز کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کروائی، جس کے ساتھ ہی یہ پروقار تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔
