
امیر اللہ خان یفتالی پولو کپ 2026 مستوج نے جیت لیا، شائقین اور منتظمین کا اظہارِ تشکر
اپرچترال(چترال ایکسپریس): امیر اللہ خان یفتالی فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام لاسپور ویلی (ہرچین) میں منعقدہ “امیر اللہ خان یفتالی پولو کپ 2026” کامرانی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 8 ٹیموں نے حصہ لیا، جبکہ فائنل میں مستوج ہیڈکوارٹر کی ٹیم نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے چیمپئن بننے
کا اعزاز حاصل کیا۔
ایونٹ کے کامیاب اختتام پر چیئرمین امیر اللہ خان یفتالی فاؤنڈیشن، شاہد علی خان یفتالی ایڈووکیٹ نے تمام معاون اداروں، انتظامیہ اور مقامی لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ڈائریکٹر اسپورٹس خیبرپختونخوا، Niwayra کمپنی لمیٹڈ، ضلعی انتظامیہ اپر چترال، صدر پولو ایسوسی ایشن چترال شہزادہ سکندر الملک، جوری پولو کمیٹی لاسپور، پولیس، سرائے شندور گیسٹ ہاؤس اور رضاکاروں کی کاوشوں کو سراہا۔
شاہد علی خان یفتالی نے بالخصوص اہل لاسپور کی روایتی مہمان نوازی اور جذبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تعاون سے ہی یہ ثقافتی میلہ یادگار بنا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فاؤنڈیشن مستقبل میں بھی صحت، تعلیم، کھیلوں کے فروغ اور چترال کے ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے اپنی فلاحی خدمات جاری رکھے گی۔
