
چترال: نیشنل بینک مین برانچ میں یومِ آزادی کی پروقار تقریب، کیک کاٹا گیا
چترال (چترال ایکسپریس)نیشنل بینک آف پاکستان (NBP) کی مین برانچ چترال میں یومِ آزادی 2026 کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں بینک انتظامیہ، ضلعی افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھرپور
شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) لوئر چترال عبدالسلام تھے۔ اس موقع پر سب ڈویژنل پولیس آفیسر (SDPO) احمد عیسیٰ، انسانی حقوق کے رہنما نیاز اے نیازی ایڈووکیٹ، ممتاز سماجی شخصیت سیف اللہ جان اور صدر چترال پریس کلب ظہیر الدین سمیت دیگر میڈیا نمائندے بھی موجود تھے۔
نیشنل بینک چترال کے مینیجر عدنان زین العابدین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب کا مقصد وطنِ عزیز کے لیے شکر گزاری کا اظہار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 79 برس قبل ایک طویل جدوجہد اور بے شمار قربانیوں کے بعد حاصل ہوا، اور بحیثیت قوم ہم پر اس کی قدر اور حفاظت فرض ہے۔
تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی اور دیگر معززین نے مل کر یومِ آزادی کا کیک کاٹا اور ملک کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔
