
موڑکہو روڈ پر اسفالٹ کے کام میں کمی کے خلاف عوامی احتجاج، سڑک گھنٹوں بند
اپر چترال (جمشید احمد): موڑکہو روڈ کے کلومیٹر 2 پر اسفالٹ بچھانے کے کام میں مبینہ طور پر 300 میٹر کمی کے خلاف مقامی عوام نے شدید احتجاج کرتے ہوئے سڑک کو کئی گھنٹوں تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔ احتجاج کے
باعث کام روکنا پڑا۔
مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت سڑک کے مقررہ حصے پر اسفالٹ بچھایا جانا تھا، تاہم ٹھیکیدار نے 300 میٹر کم کرکے کام شروع کرنے کی کوشش کی۔ دوسری جانب ٹھیکیدار نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں محکمہ سی اینڈ ڈبلیو (C&W) کی جانب سے بی او کیو (BOQ) کے مطابق 300 میٹر کم کام کرنے کی ہدایت ملی ہے۔ عوام نے اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بقایا 1.07 کلومیٹر روڈ پر مکمل اسفالٹ بچھایا جائے، کیونکہ ایک کلومیٹر کا کام پہلے ہی مکمل ہو چکا ہے۔
بعد ازاں انتظامیہ اور عوام کے درمیان کامیاب مذاکرات ہوئے، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ موقع پر موجود تیار اسفالٹ فوری بچھایا جائے گا جبکہ اگلے روز کم از کم ایک کلومیٹر حصے پر مکمل کام شروع ہوگا۔ مقامی عمائدین نے خبردار کیا کہ اگر طے شدہ فیصلے پر عمل درآمد نہ ہوا تو شدید احتجاج کیا جائے گا جس کی ذمہ داری انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ پر ہوگی۔
