
گرم چشمہ پولو گراؤنڈ پر غیر قانونی تعمیرات اور انتظامیہ کی خاموشی پر علاقے میں بے چینی بڑھتی جارہی ہے
چترال(چترال ایکسپریس) گرم چشمہ پولو گراؤنڈ پر غیر قانونی تعمیرات کی کوشش کا آج تیسرا دن ہے۔ علاقے میں شدید بے چینی پیدا ہونے کے باوجود انتظامیہ کی طرف سے کسی قانونی کاررواءی کا نہ ہونا ایک سوالیہ نشان ہے۔ آج اس سلسلے میں ایل ڈی ایف کابینہ کا تیسرا اجلاس منعقد ہوا جس میں اس خاموشی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ گزشتہ ہفتے گرم چشمہ پولو گراؤنڈ پر مقامی انتظامیہ کی جانب ایک نوٹس کے ذریعے ہر قسم کی سرگرمی یہاں تک کہ بچوں کے کھیلنے پر بھی پابندی لگاءی گئی تھی مگر اس کے اگلے ہی روز پولو گراؤنڈ پر غیر قانونی تعمیرات کا آغاز کردیا گیا۔ مقامی انتظامیہ کی جانب سے کسی رد عمل کے توقع میں علاقے کے لوگ دو دن تک خاموش رہے مگر انتظامیہ اس سلسلے میں کوءی بھی قانونی کاررواءی کرنے سے مسلسل گریز کررہی ہے جو کہ علاقے کے لوگوں کے لیے شدید تشویش
کا باعث ہے۔
ایل ڈی ایف کے پلیٹ فارم سے کل مورخہ 19 اگست صبح دس بجے گرم چشمہ میں پولو گراؤنڈ پر غیر قانونی قبضے کے خلاف وادی لوٹ کوہ کے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد خصوصا معتبرات لوٹ کوہ، سیاسی نماءندوں اور نوجوانوں کا ایک ہنگامی اجلاس بلایاگیاہے جس میں علاقے کے عوام کی طرف سے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جایے گا۔
