
لوئر چترال: مہنگائی، بجلی بلوں اور ٹیکسوں کے خلاف جماعت اسلامی کا اتالیق پل پر احتجاجی دھرنا شروع
چترال (چترال ایکسپریس) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی ملک گیر احتجاجی کال پر جماعت اسلامی لوئر چترال نے امیر ضلع وجیہہ الدین کی قیادت میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور عوامی مسائل کے خلاف اتالیق پل پر احتجاجی دھرنا دے دیا۔
دھرنے سے نائب صوبائی امیر مغفرت شاہ، امیر ضلع وجیہہ الدین، مولانا جمشید احمد،
عبد الحق، شجاع الحق بیگ، قاضی سلامت اللہ، اقبال الدین اور زہیب سمیت دیگر سینئر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ مقررین نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بجلی، پٹرول کی قیمتوں اور مہنگائی نے عوام کا جینا دوبراب کر دیا ہے۔
جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے حکومت سے درج ذیل مطالبات کیے:
- پٹرولیم لیوی کا فوری خاتمہ اور پٹرول کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔
- بجلی کے بلوں میں ریلیف فراہم اور تمام غیر ضروری سرچارجز ختم کیے جائیں۔
- آئی پی پیز (IPPs) کے ساتھ کیے گئے مہنگے معاہدوں پر فوری نظرثانی کی جائے۔
- ملاکنڈ ڈویژن کے عوام پر نئے ٹیکس لاگو کرنے کے بجائے انہیں مؤثر ٹیکس ریلیف دیا جائے۔
- حکمران طبقہ اپنی مراعات اور غیر ضروری سرکاری اخراجات میں کمی کرے۔
رہنماؤں نے اعلان کیا کہ اتالیق پل پر دھرنا روزانہ کی بنیاد
پر جاری رہے گا اور مرکزی قیادت کے فیصلوں کے مطابق تحریک کو آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے تاجر برادری، سول سوسائٹی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ 3 ستمبر کی ملک گیر پُرامن ہڑتال کو کامیاب بنائیں تاکہ حقوق کے حصول اور معاشی ریلیف کی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔
