
لوئر چترال کو آئس اور ڈرگز فری بنانے کے لیے پولیس کا بڑا کریک ڈاؤن، 91 منشیات فروش گرفتار
چترال (چترال ایکسپریس)”نشہ اب نہیں” تحریک کے تحت لوئر چترال پولیس نے ضلع بھر میں منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور مؤثر کارروائیوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لوئر چترال ریشم جہانگیر کی خصوصی ہدایات پر جاری اس مہم کے دوران پولیس نے مختصر عرصے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق
ڈی پی او لوئر چترال کے چارج سنبھالنے کے بعد سے اب تک کی مجموعی کارروائیوں کے دوران 91 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی گئی، جن میں 43.858 کلوگرام چرس، 2.930 کلوگرام آئس، 1.205 کلوگرام افیون، 0.142 کلوگرام ہیروئن اور 170.5 لیٹر شراب شامل ہے۔ پولیس کی ان کاوشوں کے نتیجے میں 7 افراد نے منشیات کے استعمال سے توبہ تائب ہو کر پرامن زندگی گزارنے کا عزم کیا ہے۔
ڈی پی او لوئر چترال ریشم جہانگیر نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ موت کے سوداگروں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ منشیات فروشوں کے اثاثے منجمد کرنے کا عمل باقاعدہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ حکام کے ساتھ خط و کتابت جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لوئر چترال کو آئس اور ڈرگز فری بنانا ہمارا مشن ہے اور یہ کارروائیاں بلاامتیاز آگے بھی جاری رہیں گی۔
لوئر چترال پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گردونواح میں منشیات کی فروخت میں ملوث عناصر کی نشان دہی کریں اور معلومات فوری طور پر پولیس تک پہنچائیں تاکہ ایک پاک، پرامن اور محفوظ معاشرے کے قیام کو یقینی بنایا جا سکے۔
