
27 ستمبر کے احتجاج کی تیاری، پی ٹی آئی تحصیل چترال کا اہم مشاورتی اجلاس
چترال (چترال ایکسپریس) پاکستان تحریک انصاف لوئر چترال کے ڈسٹرکٹ صدر، پارلیمانی سیکرٹری برائے سیاحت و ثقافت اور ایم پی اے مہتر فاتح الملک علی ناصر کی قیادت میں جبکہ صدر پی ٹی آئی تحصیل چترال شاہد احمد کی سربراہی میں تحصیل چترال کے تنظیمی عہدیداران اور کارکنان کا 27 ستمبر کے احتجاج کے حوالے سے اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں 27 ستمبر کے احتجاج کو کامیاب، مؤثر اور منظم بنانے کے لیے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر احتجاج کی تیاریوں، کارکنان کی بھرپور شرکت، عوامی رابطہ مہم اور تنظیمی ذمہ داریوں سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان عمران خان کے نظریے، آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور جمہوری جدوجہد کے لیے
متحد اور پُرعزم ہیں۔
اجلاس میں تمام تنظیمی عہدیداران اور کارکنان پر زور دیا گیا کہ وہ باہمی اتحاد و یکجہتی اور نظم و ضبط کو برقرار رکھتے ہوئے 27 ستمبر کے احتجاج کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اتحاد، نظم و ضبط اور کارکنان کی بھرپور طاقت کے ذریعے احتجاج کو مؤثر بنایا جائے گا۔
