
لوئر چترال پولیس میں نوجوان قیادت کو اہم ذمہ داریاں، نئے ایس ایچ اوز کی تعیناتی
چترال (چترال ایکسپریس)ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ زاہد نواز کے خصوصی احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لوئر چترال محمد خالد خان نے پولیس لائنز میں جدید اور مؤثر پولیسنگ کے فروغ کے لیے نوجوان اور باصلاحیت افسران کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئےانہیں اہم تھانوں کی کمانڈ سونپ دی ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق
جاری کردہ تازہ تعیناتیوں کے تحت:
سب انسپکٹر سید علی رضا شاہ کو ایس ایچ او تھانہ ارکاری
سب انسپکٹر سیف الدین کو ایس ایچ او تھانہ رمبور
سب انسپکٹر دیدار علی شاہ کو ایس ایچ او تھانہ شغور
سب انسپکٹر عبداللہ کو ایس ایچ او تھانہ کوغوزی تعینات کر دیا گیا ہے۔
ان اعلیٰ تعلیم یافتہ اور جذبے سے سرشار افسران کی تعیناتی کا مقصد جدید پولیسنگ کا فروغ، فرض شناسی اور خدمتِ خلق کے جذبے کو بیدار کرنا ہے۔ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہ نوجوان قیادت اپنے اپنے علاقوں میں امن و امان کی برقرار رکھنے، منشیات کے تدارک، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی اور عوام کے درپیش مسائل فوری حل کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
ڈی پی او لوئر چترال نے نئی ذمہ داریاں سنبھالنے والے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ قانون کی بالادستی، مظلوموں کی داد رسی اور عوام دوست پولیسنگ کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔ شہریوں کے ساتھ بہترین رویہ اپنا کر پولیس اور عوام کے درمیان حائل خلیج کو ختم کیا جائے تاکہ ایک پُرامن اور محفوظ لوئر چترال کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کیا جا سکے۔
