
لوئر چترال پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائیاں؛ چرس اور آئس سمیت تین ملزمان گرفتار
چترال (چترال ایکسپریس): ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ملاکنڈ زاہد نواز کے خصوصی احکامات اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لوئر چترال محمد خالد خان (PSP) کی ہدایات کی روشنی میں ضلع بھر میں منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ اور بلاتفریق کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔ پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں چرس اور آئس برآمد کرکے تین ملزمان کو دھر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، پہلی کارروائی میں ایس ڈی پی او سرکل چترال احمد عیسیٰ اور ایس ایچ او تھانہ سٹی چترال ایس آئی بلبل حسن کی سربراہی میں اے ایس آئی فیروز خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ دورانِ گشت کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد سلیم سکنہ گہتگ دنین کو گرفتار کیا۔ تلاشی کے دوران ملزم کے قبضے سے 612 گرام چرس برآمد کی گئی۔
دوسری کارروائی تھانہ کوغوزی کی حدود میں عمل میں آئی، جہاں ایس ڈی پی او سرکل چترال احمد عیسیٰ کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ کوغوزی ایس آئی عبداللہ نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم اسرار الدین سکنہ کجو بالا کو گرفتار کیا۔ ملزم کے قبضے سے 53 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔
تیسری کارروائی بمبوریت اور ایون سرکل میں کی گئی، جہاں ایس ڈی پی او سرکل بمبوریت حسن اللہ اور ایس ایچ او تھانہ ایون ایس آئی کفایت اللہ کی سرپرستی میں پی اے ایس آئی نثار احمد نے پولیس ٹیم کے ہمراہ دورانِ موبائل گشت کارروائی کی اور ملزم کلیم اللہ سکنہ کیسو دروش کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 58 گرام آئس برآمد کی۔
پولیس نے تمام ملزمان کے خلاف متعلقہتھانوں (تھانہ سٹی چترال، تھانہ کوغوزی اور تھانہ ایون) میں الگ الگ مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔
ڈی پی او لوئر چترال محمد خالد خان (PSP) نے پولیس ٹیموں کی اس کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ نوجوان نسل کو منشیات جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے ضلع بھر میں بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور “منشیات سے پاک لوئر چترال“ کے عزم کو ہر صورت عملی جامہ پہنایا جائے گا۔
