وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا مقامی ٹھیکیدار برادری اور تعمیراتی کمپنیوں کی استعداد میں اضافے کی ضرورت پر زور

پشاور(چترال ایکسپریس)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے مقامی ٹھیکیدار برادری اور تعمیراتی کمپنیوں کی استعداد میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ صوبائی حکومت کی ریکارڈ قانون سازی،اصلاحات اور ترقیاتی اقدمات کی بدولت صوبے میں تعمیر و ترقی اور میگا پراجیکٹس کا نیا دور شروع ہونے کو ہے۔ اس کے برعکس ترقیاتی سکیموں کی جلد تکمیل کیلئے مقامی سطح پر بھاری مشینری دستیاب ہے اور نہ ہی اعلیٰ فنی و ہنر مند افرادی قوت موجود ہے جس کے سبب بڑی ترقیاتی سکیموں کی فوری اورمعیاری تعمیرو تکمیل میں غیر ضروری تاخیر ہو جاتی ہے اور ہمیں قومی سطح کی بڑی تعمیراتی و خدماتی کمپنیوں کا سہارا لینا پڑتا ہے انہوں نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ میگا پراجیکٹس کی تعمیر کیلئے صوبائی حکومت این ایل سی جیسے بڑے اداروں کی خدمات حاصل کرتی ہے تو مقامی ٹھیکیدار برادری برا مان لیتی ہے اور عدالتوں تک پہنچ جاتی ہے حالانکہ ماضی کے تجربات نے بھی ثابت کیا ہے کہ مفتی محمود فلائی اوور سمیت کئی مواصلاتی و تعمیر اتی منصوبے ڈیڈلائن کے مطابق تعمیر نہ کئے جاسکے جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑا اور کافی عوامی مشکلات سامنے آنے کے ساتھ ساتھ ان کی تکمیل کیلئے مزید کوششوں اور اضافی فنڈزکا بندوبست کرناپڑا البتہ آئندہ ہم اس طرح عوام کے قیمتی وسائل کا ضیاع نہیں ہونے دیں گے اور نہ ہی عوام کی مشکلات میں اضافے کی اجازت دیں گے۔ وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں بڑے منصوبوں کی فوری تکمیل کیلئے این ایل سی کو تعمیر اتی ٹھیکے دینے سے متعلق اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں وزیر بلدیات عنایت اﷲ، وزیر تعلیم محمد عاطف خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محمد اعظم خان، ایڈوکیٹ جنرل عبد اللطیف یوسفزئی، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری محمد اسرار خان اور قانون، خزانہ ، بلدیات ، مواصلات وتعمیرات اور دیگر متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں اور شعبہ جاتی سربراہوں نے شرکت کی ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت نے عوامی مفاد کی خاطر ریکارڈ قانون سازی کی ہے تاکہ حکومتی معاملات کو شفاف انداز میں چلایا جا سکے اور عوام کوبھی ان کے ثمرات پہنچائے جا سکیں ۔ انہوں نے کہاکہ جہاں جہاں ضرورت ہو گی تو ہم مزید قانون سازی اور عوامی مفاد کے فیصلوں سے گریز نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے عوام نے پسماندگی اور غربت کے دن کافی کاٹے مگر اب اُن کی ترقی اور خوشحالی کا وقت آچکا ہے ۔ہماری حکومت عوامی مفاد اور خوشحالی کے سوال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ پرویز خٹک نے کہا کہ پشاور ماس ٹرانزٹ کے تحت شاہراہوں کو کشادہ بنانے اور نئے روٹس کے علاوہ خیبرروڈ مچنی چوک سمیت اہم مقامات پر فلائی اوور کمپلیکس کی تعمیر کا سلسلہ بھی شروع ہونے کو ہے جن کی بروقت اور بین الاقوامی معیار کے مطابق تعمیر کیلئے ہمیں قومی سطح کی کمپنیوں کی خدمات کے علاوہ مقامی ٹھیکیداروں اور فرموں کے استعداد میں اضافے کی بھی اشد ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر ایسے معاملات پر مزید قانون سازی کے علاوہ صوبائی کابینہ اجلاس میں زیادہ واضح اور شفاف فیصلے بھی کئے جاتے رہیں گے تاکہ صوبے کو تیز تر ترقی کی شاہراہ پر ڈالا جا سکے اور یہاں کے شہریوں کو ترقی و خوشحالی کے ثمرات سے بھر پور انداز میں مستفید کیا جاتا رہے ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔