عید الاضحی کے موقع پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کا پیغام

پشاور(چترال ایکپسریس)خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ عید کی خوشیوں میں اپنے اردگرد کے غرباء کو بھی شریک کریں معاشرے کے تنگ دست اور کمزور طبقے کی مشکلات کو راحت میں بدلنا بھی مسلمانوں کے دینی و ملی فرائض میں شامل ہے عید قربان انسانیت سے محبت اور ایثار کی تجدید کا دن ہے اس روز سنت ابراہیمی ؑ کی ادائیگی ہمیں اﷲ تعالیٰ کی رضا جوئی اور دوسروں کے دکھ سکھ بانٹنے کیلئے اپنی پیاری چیز قربان کرنے کا احساس دلاتی ہے اور یہی انسانیت کی اصل معراج ہے عید الاضحی کی مناسبت سے عوام کے نام اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے تمام اہل اسلام خصوصاً خیبرپختونخوا کے عوام کو مبارکباد دی ۔انہوں نے کہاکہ عید الاضحی کا دن ہمیں اتحاد و اتفاق کا درس دیتا ہے کہ ہم اپنے ذاتی مفادات کو بالا ئے تاک رکھ کر قربانی کا جذبہ پیدا کریں ۔ شدت پسندی کی سوچ کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکیں۔ اسلام کی روح کو زندہ رکھنے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کریں۔انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ انکی حکومت اپنے فرائض جانتی ہے ہماری پالیسیوں سے نہ صرف صوبے بلکہ ملک او ر پورے خطے میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا ہمارے اقدامات کی بدولت صوبے میں قانون و میرٹ کی بالادستی قائم ہوئی ہے اور تمام معاملات میں عدل و انصاف کے تقاضے پور ے کئے جارہے ہیں نیز حکومتی معاملات میں احتساب اور شفافیت متعارف کرانے کے علاوہ حکومتی مشینری کی استعداد کا رمیں اضافہ کیاگیاہے تاکہ عوام کو صحیح معنوں میں ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے پرویز خٹک نے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں پر زور دیاکہ وہ عید قرباں کے فلسفے کو نہ صرف آج بلکہ پورا سال تازہ رکھیں اور ایسا تب ممکن ہے جب ہم قومی یکجہتی، امن و ترقی، انسانیت دوستی اور عوامی خوشحالی کیلئے قربانی و ایثار کا بھرپور مظاہرہ کریں۔ معاشی دہشت گردی کے خلاف اتحاد کے ذریعے ہم ایک زندہ و تابندہ قوم ہونے کاعملی نمونہ بن سکتے ہیں۔معاشی دہشت گردی کے خلاف سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کی وجہ سے کرپٹ عناصر کو عوام کے سامنے جوابدہ ہونا پڑے گا۔ اب عوام کی ذمہ داری ہے کہ کرپشن کی سیاست کرنے والوں کو مسترد کریں جو قومیں بصیرت سے کام لیتی ہیں وہی کامیاب ہوتی ہیں ۔تحریک انصاف کی کاوشوں سے تبدیلی کا سورج نکل آیا ہے ۔ وہ دن دور نہیں جب پاکستان ترقیافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہو گا۔ اُنہوں نے کہا کہ خطے میں ہمارے عوام نے قربانی کی نئی تاریخ رقم کی ہے قوم کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب عالمگیر امن و سلامتی کے فلسفے پر مبنی ہے جبکہ عید الاضحی کے ذریعے ہمیں ایثار، قربانی، ہمدردی اور بھائی چارے کا عملی درس دیا گیا ہے انہوں نے بیرون ملک پاکستانیوں بالخصوص فریضہ حج ادا کرنے والوں کو بھی عید کی مبارکباد دیتے ہوئے ان سے اپیل کی کہ وہ ملک میں پائیدار امن و استحکام اور عوام کی خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں وزیراعلیٰ نے اس موقع پر سکیورٹی فورسز کے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے بھی دُعا کی اور اُن کے لواحقین کو عید کی مبارک دیتے ہوئے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔