
چترال لوئر: ڈی ایس پی تمیزالدین کی ریٹائرمنٹ پر پُروقار الوداعی تقریب
چترال(چترال ایکسپریس)پولیس لائن لوئر چترال میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) تمیزالدین کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ایک پُروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پولیس افسران اور اہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال رفعت اللہ خان تھے،
جبکہ دیگر شرکاء میں ایس پی انوسٹی گیشن اقبال کریم، ایس پی ایلیٹ فورس عتیق الرحمن، ڈی پی پی ایاز زرین، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر اقبال الدین، ایس ڈی پی او سرکل چترال سجاد حسین، ایس ڈی پی او سرکل بمبوریت حسن اللہ، ڈی ایس پی لیگل شیر محسن الملک، ڈی ایس پی انوسٹی گیشن حضرت الدین اور انسپکٹر قربان خان سمیت دیگر افسران و جوانان شامل تھے۔
مقررین نے اپنے خطابات میں ڈی ایس پی تمیزالدین کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں ایک قابل، ذہین اور فرض شناس افسر قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ تمیزالدین نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ایمانداری کے ذریعے متعدد پیچیدہ مقدمات کو کامیابی سے منطقی انجام تک پہنچایا اور ہمیشہ انصاف کی بالادستی کو یقینی بنایا۔
اس موقع پر ڈی پی او لوئر چترال رفعت اللہ خان نے کہا کہ تمیزالدین جیسے مخلص اور دیانتدار افسران محکمہ پولیس کا سرمایہ ہوتے ہیں، جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
تقریب کے اختتام پر
ڈی ایس پی تمیزالدین کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی اور ان کی آئندہ زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔ تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔
