
چترال:یونیورسٹی روڈ کی مرمت کا کام تیزی سے جاری، شہریوں کا خیرمقدم
چترال (چترال ایکسپریس) یونیورسٹی روڈ پر مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے، جس پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ عوامی حلقوں نے بالخصوص ڈپٹی کمشنر چترال راؤ ہاشم عظیم اور ڈپٹی ڈائریکٹر نیشنل ہائی ویز اتھارٹی (این ایچ اے) ملک امیر زیب خان خٹک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ منصوبہ معیار اور رفتار کے ساتھ مکمل
کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ مذکورہ سڑک طویل عرصے سے خستہ حالی کا شکار تھی، جس کے باعث جگہ جگہ گہرے کھڈے بن گئے تھے۔ اس صورتحال کے باعث طلباء، مسافروں اور عام شہریوں کو شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سڑک کی مرمت کا آغاز ایک خوش آئند اقدام ہے، جس سے نہ صرف سفری سہولیات بہتر ہوں گی بلکہ حادثات میں بھی کمی آئے گی۔ عوامی حلقوں نے اس پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ کام جلد اور معیاری انداز میں مکمل کیا جائے گا تاکہ عوام کو مستقل ریلیف مل سکے۔
